ٹھوٹھہ پل پر پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے عظیم الشان ریلی کا انعقاد

جہلم ویلی : وطن عزیز کے دفاع میں پاک فوج کے شاندار کردار کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ٹھوٹھہ پل پر ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا، جو آپریشن “بنیان المرصوص” کی کامیاب تکمیل کے بعد منعقد کی گئی۔

ریلی میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاک فوج کے حق میں پُرجوش نعرے لگا کر اپنی محبت اور یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

ریلی سے سابق وزیر مصطفیٰ بشیر عباسی، پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع مظفرآباد کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل تصور گردیزی، پیپلز پارٹی کے رہنما شجاعت کاظمی سمیت دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے خطاب کیا۔

مقررین نے اپنے خطابات میں وطن کے دفاع پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا اور مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور دفاع میں افواجِ پاکستان کا کردار قابلِ فخر ہے۔

اس موقع پر شرکاء نے پاک فوج کے جوانوں پر پھول نچھاور کیے اور نعرے لگا کر اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔

یہ ریلی ملک بھر میں منائے جانے والے “یومِ تشکر” کا حصہ تھی، جس کا اعلان وزیرِاعظم پاکستان نے بھارت کے ساتھ کامیاب جنگ بندی معاہدے کے بعد پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے کیا۔

Scroll to Top