کروڑوں کی لاگت سے بنے پل خستہ حالی کا شکار، کروڑوں کے منصوبے لاپرواہی کی نذر

مظفرآباد : دارالحکومت مظفرآباد میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کیے گئے پل حکومتی اداروں کی لاپرواہی اور ناقص کارکردگی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ کئی پل جو سرکاری فنڈز سے تعمیر کیے گئے، اب نہ صرف خستہ حالی کا شکار ہیں بلکہ استعمال سے بھی محروم ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق یہ پل شروع دن سے ہی مناسب دیکھ بھال اور توجہ سے محروم رہے، جس کی وجہ سے آج ان کی حالت نہایت خراب ہو چکی ہے۔ کئی پل زنگ آلود ہو چکے ہیں، ان پر دراڑیں پڑ چکی ہیں اور وہ عوام کے لیے خطرناک بنتے جا رہے ہیں۔

لوہے کے بنے یہ پل اب انتہائی خطرناک ہیں۔ نہ صرف ان کی سطح پر زنگ لگ چکا ہے بلکہ ان کے کنارے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ان پلوں پر سے گزرتے ہوئے ہر وقت حادثے کا خطرہ رہتا ہے، خاص طور پر بچے ان سے گر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آپریشن بُنْيَان مَّرْصُوْص کی کامیابی پر ملک بھر میں آج یومِ تشکر منانے کا اعلان

بارش کے دنوں میں صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے۔ پلوں پر موجود گڑھوں میں پانی بھر جاتا ہے اور گزرنا نہایت دشوار ہو جاتا ہے۔ مظفرآباد کے پل جو کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر تو ہوئے، مگر عوام کو کوئی فائدہ کیا دیں گے الٹا یہ پل جان لیوا خطرے میں بدل چکے ہیں۔

مقامی لوگوں کا مطالبہ ہے کہ ان پلوں کی فوری مرمت اور بحالی کی جائے اور مستقبل میں ایسے منصوبوں کی سخت نگرانی کی جائے تاکہ عوامی فنڈز ضائع ہونے سے بچائے جا سکیں اورمقامی افراد اور سیاحوں کے لیے کارآمد ثابت ہوں ۔

Scroll to Top