مظفرآباد پاک فوج کے حق میں نعروں سے گونج اُٹھا، بھارت کو منہ توڑ جواب پر جشن، مٹھائیاں تقسیم

مظفرآباد : پاکستان کی جانب سے بھارت کو دندان شکن جواب پر مظفرآباد کے شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے، ریلیوں کا انعقاد اور مٹھائیوں کی تقسیم کے مناظر نے دارالحکومت کو جوش و خروش سے بھر دیا۔

گوجرہ بائی پاس سے نلوچھی چوک تک نکالی گئی ریلی میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جہاں “پاک فوج زندہ باد” کے نعرے فضا میں گونجتے رہے۔

ریلی کے شرکاء نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور جگہ جگہ مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ کشمیری عوام نے بھارت کی اشتعال انگیزی کے خلاف پاکستان کی بروقت اور سخت کارروائی کو سراہا اور بھرپور انداز میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیا۔

اس موقع پر سینئر رہنما سردار مبارک حیدر کا کہنا تھا کہ “کشمیری عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، دشمن کو سبق سکھانے کا وقت آ چکا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ “بھارت کو پہلے ہی سمجھایا تھا کہ جنگ کوئی مذاق نہیں، مگر مودی سرکار باز نہ آئی، اب ظلم کا حساب دینا ہو گا۔”

سردار مبارک حیدر کا کہنا تھا کہ کشمیر کے عوام ہر محاذ پر پاک فوج کا ساتھ دیں گے، اور اگر جنگ مسلط کی گئی تو قدم با قدم فوج کے ساتھ چلیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کے جارحانہ اقدامات کا جواب اسی کی زبان میں دیا جائے گا۔

اہلِ مظفرآباد کا جذبہ حب الوطنی دیدنی تھا، ریلیوں، نعروں اور قومی یکجہتی کے اس مظاہرے نے یہ پیغام دیا کہ کشمیری عوام پاکستان کے دفاع میں ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے۔

Scroll to Top