پاکستان کی وزارت اقتصادی امور کا آفیشل ایکس اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا ہے ،جمعہ کی صبح پاکستان کے اقتصادی امور کے ایکس اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ کی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستانی حکومت بین الاقوامی شراکت داروں سے بھارت کے ساتھ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے قرضوں اور مدد کی اپیل کرتی ہے۔
آئی ٹی اور ٹیلی کام کی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے وضاحت دیتے ہوئے لکھا کہ وزارت اقتصادی امور کا اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا ہے۔
وزارت اطلاعات کے آفیشل فیکٹ چیک اکاؤنٹ نے بھی اپنی پوسٹ میں کہا کہ یہ ٹویٹ جعلی ہے اور یہ اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم الرٹ نے بھارتی سائبر حملوں کے خطرے کے حوالے سے ایک ایڈوائزری بھی جاری کی تھی۔
نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم الرٹ کی طرف سے جاری کردہ اعلان میں کہا گیا تھا کہ مشکوک لنکس پر کلک کرنے سے گریز کریں اور غیر تصدیق شدہ پیغامات، ای میلز یا سوشل میڈیا لنکس نہ کھولیں۔
اعلان میں آن لائن سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ہیکرز سے محفوظ رہنے کے لیے ایک ایڈوائزری بھی جاری کی گئی۔