بھارت نے نیلم جہلم ڈیم ہی نہیں، قریبی آبادی کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی: چیئرمین واپڈا

مظفرآباد :چیئرمین واپڈا نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر حملے کے دوران نہ صرف ڈیم کو نشانہ بنانے کی کوشش کی بلکہ اس کے قریب واقع آبادی کو بھی ٹارگٹ کرنے کی کوشش کی گئی۔

چیئرمین واپڈا کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے نیلم جہلم بجلی گھر کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ان کے مطابق، نقصان کا تخمینہ لگانے کے لیے ٹیکنیکل ماہرین کام کر رہے ہیں تاکہ درست اندازہ لگایا جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بھارت کی جانب سے صرف ہائیڈرو پاور پروجیکٹ ہی نہیں بلکہ اس کے آس پاس کی آبادی کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، جس سے واضح ہوتا ہے کہ دشمن کا مقصد صرف انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانا نہیں بلکہ انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنا بھی تھا۔

چیئرمین واپڈا کا کہنا تھا کہ نیلم جہلم منصوبے میں پانی کا بہت بڑا ذخیرہ موجود ہے اور بھارت کی کوشش تھی کہ اسٹرکچر کو نقصان پہنچا کر خطرناک نتائج پیدا کیے جائیں، تاہم افواجِ پاکستان نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب، پاک فوج نے 12 ڈرونز ناکارہ بنائے: آئی ایس پی آر

انہوں نے وضاحت کی کہ بجلی پیدا کرنے کی ذمہ داری واپڈا کی ہے، تاہم بجلی کی ترسیل واپڈا کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی۔ چیئرمین واپڈا نے یہ بھی واضح کیا کہ نیلم جہلم منصوبے میں کوئی غیر ملکی اسٹاف موجود نہیں ہے۔

Scroll to Top