مظفرآباد :جموں و کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کے زیر اہتمام پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک ولولہ انگیز ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ریلی چہلہ پل سے شروع ہو کر پریس کلب مظفرآباد تک پہنچی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور افواجِ پاکستان کے حق میں پرجوش نعرے لگائے۔
ریلی کے شرکاء نے قومی پرچم اور پاک فوج سے محبت کے اظہار والے بینرز تھام رکھے تھے۔ فضا “پاک فوج زندہ باد” جیسے نعروں سے گونجتی رہی۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اس ریلی کا مقصد افواجِ پاکستان کو یہ یقین دلانا ہے کہ مظفرآباد کے عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب، پاک فوج نے 12 ڈرونز ناکارہ بنائے: آئی ایس پی آر
شرکاء نے کہا کہ بھارت کے لیے ایک پیغام بھی ہے کہ ہمارے داخلی اختلافات اپنی جگہ، مگر جب بات وطن، کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے دفاع کی ہو تو ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
ریلی شرکاء کے مطابق یہ ریلی نہ صرف پاک فوج کے حوصلے بلند کرنے کا ذریعہ ہے بلکہ مظفرآباد کے عوام کے جذبہ حب الوطنی کا بھی بھرپور اظہار ہے۔