راولپنڈی : ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ہمہ وقت چوکس اور تیار ہیں۔ ان کے مطابق پاک فوج نے دشمن کے بھیجے گئے 12 ہیرب ڈرونز کو کامیابی سے نشانہ بناتے ہوئے ناکارہ بنا دیا۔
میڈیا بریفنگ میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے انکشاف کیا کہ 7 اور 8 مئی کی درمیانی شب بھارت نے ایک بار پھر جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی فضائی حدود کی سنگین خلاف ورزی کی۔ دشمن نے 12 ڈرونز پاکستان کی جانب روانہ کیے، جنہیں مستعد فوجی جوانوں نے مختلف علاقوں میں تباہ کر دیا۔ تباہ شدہ ڈرونز کا ملبہ ان علاقوں میں موجود ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بھارتی ڈرونز کو لاہور، گوجرانوالہ، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، میانو، چھور اور کراچی کے قریب نشانہ بنایا گیا۔ لاہور کے نزدیک ایک ڈرون حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے چار اہلکار زخمی ہوئے جبکہ میانو سندھ میں ایک شہری شہید ہوا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ بھارت کی یہ کارروائی نہ صرف پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے بلکہ ایک سنگین نوعیت کا واقعہ بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان نے رات کے اندھیرے میں بھی دشمن کو مؤثر اور بھرپور جواب دیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ بھارت کی طرف سے ڈرونز بھیجنا کھلی جارحیت کے مترادف ہے، جس میں دشمن نے مساجد اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے حالات تبدیل ہوں گے، قوم کو مسلسل آگاہ رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی رات کے وقت کی یہ جارحیت انتہائی خطرناک ہے، لیکن پاکستانی فوج ہر طرح کے حملے اور شدت پسندی سے نمٹنے کی مکمل اہلیت رکھتی ہے۔ ترجمان پاک فوج نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ہم جنونیت کے مظاہرے کرنے والوں کو سبق سکھانے کا پختہ عزم اور پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے اقوام عالم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے کہ بھارت نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کو بھی داؤ پر لگا رہا ہے۔ ان کے مطابق بھارت عقل و شعور کے تمام راستے کھو دینے کے قریب ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ دشمن کو ماضی میں بھی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا، جب اس کے پانچ جنگی طیارے گرائے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھی دشمن کو بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا، اور بھارت کی جانب سے ڈرونز بھیجنے کا عمل اب بھی جاری ہے، جس کا پاک فوج پوری کامیابی کے ساتھ توڑ کر رہی ہے اور بھارتی ڈرونز کو ایک ایک کر کے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔