پنجاب

ملک بھر میں تیز ہواؤں، گرج چمک، ژالہ باری اور موسلا دھار بارش کی پیش گوئی

پاکستان بھر میں ایک نیا مغربی موسمی سسٹم داخل ہو چکا ہے جس کے زیرِ اثر 7 مئی سے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک، موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سسٹم بالائی، وسطی اور بعض جنوبی علاقوں کو متاثر کرے گاجبکہ مرطوب ہوائیں بھی جنوب سے داخل ہو رہی ہیں جو موسمی شدت کو بڑھا سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، باغ، کوٹلی، بھمبر اور میرپور سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں 7 سے 12 مئی کے دوران وقفے وقفے سے شدید بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔ متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

دیامر، استور، سکردو، گلگت اور ہنزہ میں 8 سے 12 مئی کے دوران درمیانے سے تیز درجے کی بارش کا امکان ہے، جو لینڈ سلائیڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں سفری مشکلات کا باعث بن سکتی ہے۔

لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان اور بہاولپور سمیت اسلام آباد میں 7 سے 11 مئی کے دوران گرد آلود ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

چترال، سوات، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 7 سے 12 مئی کے دوران خراب موسم کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی پر آزاد کشمیر حکومت کا ہنگامی اجلاس، وزیر اطلاعات کی میڈیا سے گفتگو

کوئٹہ، ژوب، خضدار، موسیٰ خیل اور آواران سمیت دیگر اضلاع میں 7 سے 10 مئی تک بارش کی پیش گوئی ہے، جو بعض مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ ہو سکتی ہے۔

سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص، تھرپارکر، عمرکوٹ اور سانگھڑ میں 8 سے 10 مئی کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے، جس سے مقامی انفراسٹرکچر متاثر ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی گرنے سے کمزور انفراسٹرکچر، بجلی کے کھمبے، درخت اور گاڑیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کسانوں، خصوصاً گندم کی کٹائی میں مصروف کاشتکاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی زرعی سرگرمیوں کو عارضی طور پر مؤخر کریں یا حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔

Scroll to Top