پاک بھارت کشیدگی پر آزاد کشمیر حکومت کا ہنگامی اجلاس، وزیر اطلاعات کی میڈیا سے گفتگو

حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں آزاد کشمیر حکومت نے عوام کے تحفظ اور ملکی دفاع کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔

وزیر اطلاعات آزاد کشمیر مظہر سعید نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فجر کے بعد ایک اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا، جس میں تمام اہم محکموں کے اعلیٰ افسران اور تینوں ڈویژنز کے کمشنرز شریک ہوئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریاست بھر میں ہیلتھ ریسپانس سینٹرز، اطلاعات مراکز اور دیگر اہم یونٹس قائم کیے جائیں، تاکہ عوام کسی ہیجان یا اضطراب کے بغیر اطمینان کے ساتھ ملکی دفاع میں شریک رہیں۔ ان مراکز کی نگرانی تینوں ریجنل کمشنرز کر رہے ہیں اور ان کا مقصد عوام کو بروقت معلومات، طبی سہولیات اور فوری ردعمل کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ حکومت نے ایک ارب روپے کا ایمرجنسی فنڈ مختص کیا ہے، جسے فوری استعمال میں لایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے کہا، ہم دشمن کی ہر مکاری اور ایّاری کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ آزاد کشمیر کا مکمل نظام حکومت متحرک ہے اور ریاستی مشینری مکمل طور پر فعال ہے۔

مظہر سعید نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ دشمن نے رات کے اندھیرے میں شہری آبادی، گھروں اور مساجد کو نشانہ بنایا، جس سے کئی شہری زخمی ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ یہ بھارت کی کم ظرفی ہے کہ وہ اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر بزدلانہ حملے کر رہا ہے، لیکن آزاد کشمیر کے عوام پرجوش اور باہمت ہیں، جو ہر محاذ پر اپنی سرزمین کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: قومی سلامتی کمیٹی نے پاک فوج کو ہر ضروری جوابی کاروائی کی مکمل اجازت دے دی

وزیر اطلاعات نے پاکستانی میڈیا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے میڈیا نے بھارتی میڈیا کے جھوٹے پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دیا اور حقیقت دنیا کے سامنے رکھی۔ ہم اس ذمہ دارانہ صحافت کو سراہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی میڈیا آزاد کشمیر پہنچ رہا ہے اور حکومت ان کے لیے فیلڈ وزٹس کا بندوبست کرے گی تاکہ وہ خود زمینی حقائق کا مشاہدہ کر سکیں۔ ہم پاکستانی میڈیا کو بھی دعوت دیتے ہیں کہ وہ یہاں آئیں، زمینی صورتحال خود دیکھیں۔

Scroll to Top