بھارتی جارحیت: آزاد کشمیر کے وزیر صحت کا قوم کے نام پیغام

مظفرآباد :آزاد کشمیر کے وزیر صحت انصر ابدالی نے قوم کے نام ایک ہنگامی پیغام میں بھارتی افواج کی بلااشتعال اور بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج رات 12:40 بجے بھارت نے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شہری آبادی پر حملہ کیا۔ اس حملے میں ایک ماں اور اس کی معصوم بیٹی شہید ہو گئیں، جو ایک نہایت افسوسناک واقعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے جھوٹا دعویٰ کیا کہ اس حملے کا نشانہ عسکری کیمپ تھے، لیکن درحقیقت بھارت نے عام شہریوں کو نشانہ بنایا۔ میزائل شہری آبادی پر برسائے گئے جن کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ وزیر صحت نے واضح کیا کہ دنیا کو جان لینا چاہیے کہ بھارت کی یہ جارحیت اب مقبوضہ کشمیر کی حدود سے نکل کر آزاد کشمیر تک آ پہنچی ہے اور بھارتی میڈیا کی جھوٹی مہمیں اس سچ کو نہیں چھپا سکتیں۔

انصر ابدالی نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے باوجود آزاد کشمیر کی عوام کا حوصلہ بلند ہے اور پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ محکمہ صحت مکمل طور پر الرٹ پر ہے اور ہر قسم کی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

وزیر صحت نے بتایا کہ تمام اسپتال مکمل طور پر فعال ہیں، ڈاکٹرز اور طبی ٹیمیں موجود اور چوکنا ہیں، جبکہ ادویات، ایمبولینسز اور ایمرجنسی سامان وافر مقدار میں دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ ریسپانس سینٹرز 24 گھنٹے متحرک ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر پاک فوج کا منہ توڑ جواب، بھارتی پوسٹ تباہ

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں قریبی ایمبولینس یا ریسپانس سینٹر سے فوری رابطہ کریں۔ محکمہ صحت کا تمام عملہ، بشمول ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس، ہر وقت مدد کے لیے تیار ہے۔

اپنے پیغام کے اختتام پر انصر ابدالی نے کہا کہ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں۔ ہم ایک بہادر اور باہمت قوم ہیں اور انشاء اللہ تاریخ کا نیا باب رقم کریں گے۔
پاکستان اور آزاد کشمیر زندہ باد۔

Scroll to Top