ایل او سی پر پاک فوج کا منہ توڑ جواب، بھارتی پوسٹ تباہ

کوٹ کٹھیرا سیکٹر (کوٹلی) میں لائن آف کنٹرول پر دشمن کی جانب سے ایک بار پھر بزدلانہ حملے کی کوشش کی گئی، تاہم پاکستان کی مسلح افواج نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی سرلیا-1 پوسٹ کو مارٹر گولے سے نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد پوسٹ دھوئیں کے گہرے بادلوں میں لپٹ گئی۔ دشمن کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔

ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کی جوابی کارروائیاں تاحال جاری ہیں اور دشمن کی مزید حرکات پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی جارحیت کا جواب اُسی کی زبان میں دیا جا رہا ہے تاکہ دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔

مزید مؤقف کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

Scroll to Top