اسلام آباد: ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز( ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہآج رات بزدل بھارت نے پاکستان پر بلااشتعال جارحیت کی، بھارتی حملوں میں 8 پاکستانی شہیداور 35 زخمی ہوئے اور دو لاپتہ ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا اور6مقامات پر24 حملے کئے،احمد پور شرقیہ میں 5 بے گناہ پاکستانی شہید ہوئے جس میں معصوم بچی شامل ہے۔
احمد پور شرقیہ میں مسجد سبحان کو نشانہ بنایا گیا اور چار حملے ہوئے ، یہاں پانچ بے گناہ پاکستانی شہید ہوئے جن میں ایک تین سالہ بچی بھی شامل ہے۔
دو مرد اور دو خواتین شہدا میں شامل ہیں۔ اکتیس معصوم شہری زخمی ہوئے ہیں جن میں 25 مرد اور چھ خواتین ہیں۔ یہاں ایک مسجد شہید ہوئی اور چار فیملی کوارٹرز کو نقصان پہنچا ہے۔
مظفر آباد میں مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا، سات حملے کیے گئے جن کے نتیجے میں ایک بچی زخمی اور ایک مسجد شہید ہوئی۔
کوٹلی میں مسجد عباس کو نشانہ بنایا گیا ، پانچ حملے کیے گئے جن میں دو افراد شہید ہوئے جن میں ایک 16 سالہ بچی اور ایک 18 سالہ بچہ شہید جب کہ ایک ماں اور اس کی بیٹی زخمی ہوئے ہیں۔
مریدکے میں مسجد ام القرا پر چار حملے کیے گئے جس میں ایک مرد شہید اور ایک مرد زخمی ہوا ہے۔ یہاں دو افراد لاپتا ہیں۔ مسجد شہید ہوئی اور گھروں کو نقصان پہنچا۔
سیالکوٹ کے قریب ایک گاؤں کوٹلی لوہاراں میں دو حملے کیے گئے۔ ایک گولہ مس فائر ہوا جب کہ دوسرا کھیتوں میں گرا جس کی وجہ سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔
شکر گڑھ کے قریب دو حملے کیے گئے جن میں کوئی نقصان کوئی نہیں، ایک ڈسپنسری کو تھوڑا سا نقصان ہوا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دشمن کے اس بزدلانہ ، بلا اشتعال، بلاجواز حملے کا بھرپور جواب پاکستانی افواج پاکستانی قوم کی حمایت سے بھرپور انداز میں دے رہی ہیں اور دیتی رہیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول کے اوپر گزشتہ کل میڈیا کو لے جایا گیا تھا، کیونکہ بلا جواز الزامات جو لگائے جاتے تھے وہ انٹرنیشنل میڈیا کے سامنے کھول کر رکھے گئے تھے۔
میڈیا نے بہاولپور اور مریدکے جانا تھا جس کا اعلان کل شام کو کیا گیا تھا، آج دن ہونے پر قومی اور بین الاقوامی میڈیا کو لے جایا جانا تھا لیکن بھارت نے جارحیت کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جن جگہوں پر بھارت نے جارحیت دکھائی ہے میڈیا کو ان تمام لوکیشنز پر لے جایا جائے گا تاکہ بھارت کی اس ننگی جارحیت کو پوری دنیا دیکھے اور یہ سب کے سامنے آجائے۔