مظفرآباد: کشمیر لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے کشیدگی کو بڑھاوا دینے کے خلاف مظفرآباد میں احتجاج کیا گیا۔ مودی حکومت کے خلاف ہونے والے اس مظاہرے میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کشمیری مظاہرین نے بھارتی دھمکیوں کے خلاف سیاہ جھنڈے لہرا کر احتجاج کیا اور پاکستان و کشمیر کے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا: “کشمیر میں جنگ بھارت کی آخری حماقت ہوگی”۔
مظاہرین نے “قاتل قاتل مودی قاتل” اور “غاصب غاصب بھارت غاصب” جیسے نعرے لگائے، جبکہ بھارتی جبر و استبداد کے خلاف ٹائر جلا کر بھی احتجاج کیا گیا۔
پاسبانِ حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے کہا کہ بھارتی حکومت پہلگام واقعہ کو کشمیر میں انتقام کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جموں کشمیر کو میدانِ جنگ میں بدلنے کی حماقت کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد میں پیپلزپارٹی کا بڑا سیاسی وار،تحریک انصاف کے درجنوں رہنما و کارکنان پارٹی میں شامل
انہوں نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقدامات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب جنگ کنٹرول لائن پر نہیں بلکہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے سری نگر میں لڑی جائے گی۔