مظفرآباد پنشنرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران نے حلف اٹھا لیا، حقوق کیلئے تحریک کا اعلان

مظفرآباد : پنشنرز ایسوسی ایشن مظفرآباد کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری کا انعقاد بانڈی سماں میں سید صدیق حسین شاہ کے گھر پر منعقد ہوا۔ تقریب میں ریٹائرڈ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل آزادکشمیر ڈاکٹر راجہ محمد عارف نے نومنتخب صدر راجہ ممتاز خان اور سیکرٹری جنرل سید صدیق حسین شاہ سے حلف لیا۔

تقریب سے ڈاکٹر راجہ محمد عارف، راجہ ممتاز خان، سید نذیر حسین شاہ، سید صدیق حسین شاہ، بشیر احمد ڈار، بشیر ترین، قاضی صدیق، کبیر اعوان، اپیکا آزادکشمیر کے صدر رمضان مغل، سید الماس حسین شاہ و دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ تقریب کے آغاز میں پاکستانی پرچم لہرایا گیا، جس میں پنشنرز کی بڑی تعداد شریک تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پنشنرز الرٹ ہیں، اگر بھارت نے جارحیت کی تو وہ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر بھرپور جواب دیں گے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کی وجہ سے پورے خطے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پہلگام حملے کا مقصد بھارت میں جاری تحریکوں سے توجہ ہٹانا تھا، اور بھارت کے اقدامات خطے اور عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں۔

مقررین نے کہا کہ آج کا تقاضا ہے کہ قومی، سیاسی، عسکری قیادتیں اور پوری قوم اتحاد و یکجہتی کے تحت دفاع وطن کے تقاضے نبھائیں تاکہ دشمن کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ ہو۔

انہوں نے پنشنرز کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کی اصلاحات کو مسترد کیا جاتا ہے۔ آزادکشمیر میں بیوہ بیٹی کی پنشن پاکستان کے برعکس بند کر کے ظلم عظیم کیا گیا ہے جسے فوری طور پر بحال کیا جائے۔ تین ماہ کے بقایا جات 10 فیصد کے حساب سے ادا کیے جائیں، پنشن میں 50 فیصد اضافہ کیا جائے جبکہ آزادکشمیر کے مخصوص حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے 25 فیصد خصوصی اضافہ کیا جائے۔

مقررین نے اعلان کیا کہ “پنشن بچاؤ مہم” کا آغاز کیا جائے گا اور آزادکشمیر کی تمام حاضر سروس تنظیموں اور پاکستان کی پنشنرز تنظیموں کے ساتھ مل کر اپنے حقوق کے لیے تحریک چلائی جائے گی۔ اب تنظیم کو پہلے سے زیادہ فعال انداز میں چلایا جائے گا، پورے آزادکشمیر کا دورہ کیا جائے گا اور وفاقی بجٹ سے قبل مسائل کے حل کے لیے تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ حکومت آزادکشمیر پر زور دیا گیا کہ وہ پنشنرز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔

یہ بھی پڑھیں: مدینہ منورہ میں جدید 911 آپریشنز سینٹر کا افتتاح،نئی حج پالیسی

تقریب میں ڈاکٹر راجہ محمد عارف نے پنشنرز رہنماؤں راجہ اختر حسین، راجہ ممتاز خان، نذیر حسین شاہ، بشیر احمد ڈار، قاضی صدیق اور کبیر اعوان کی خدمات کو سراہا۔

Scroll to Top