مسلم کانفرنس کی بھارت کو سبق سکھانے کی تیاری،قومی رضاکار تحریک شروع

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس نے بھارتی جارحیت کیخلاف رضاکارانہ طور پر ”قومی رضاکار تحریک آزادکشمیر“کاآغاز کردیا۔

آزادکشمیر بھر میں رجسٹریشن کاعمل جاری، رضاکاروں کاہندوستانی حملہ کی صورت میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے اور اپنی ذمہ داریوں کو کماحقہ پورا کرنے کاعزم۔

گزشتہ روز آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کا اجلاس مرکزی رہنما میجرریٹائرنصراللہ خان کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کی ہدایات کی روشنی میں مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنماء مجیر(ر) سردار نصر اللہ خان نے رضا کار تحریک کا آغاز کردیا۔

اجلاس میں صدر حلقہ دھیرکوٹ سردار عرفان عباسی، جنرل سیکرٹری حلقہ دھیرکوٹ راجہ محمد منیر خان،صدر مسلم کانفرنس رنگلہ راجہ خورشید حمید،چیرمین یوسی رنگلہ راجہ افتخار افضل،ممبر مجلس عاملہ راجہ مقبول خان،راجہ محمد شہباز،ممبر مجلس عاملہ سردار صیاد عباسی،چیئرمین ٹریڈر ونگ دھیرکوٹ حافظ عمران،ممبر ضلع کونسل نسرین اختر راجہ ودیگر نے شرکت کرتے ہوئے رجسٹریشن کے عمل کا آغاز کر دیا۔

میجرریٹائرنصراللہ خان نے کہا کہ آزادکشمیر کے غیور عوام اس تحریک کاحصہ بن کر بھارتی جارحیت کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بنیں اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔

رضاکارا تحریک کامقصد ہندوستان کی جانب سے کسی بھی جارحیت میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر بھارتی جارحیت کامقابلہ کرنا ہے۔

پوری کشمیری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے گی۔ صدرمسلم کانفرنس سردارعتیق احمدخان کی ہدایت پر اس رضاکار تحریک کاآغاز کیا ۔عوام اپنی رجسٹریشن کروا کر اس تحریک کاحصہ بنیں۔
مودی نےاگر دریاؤں کا رخ بدلنے کی کوشش کی تو ہم ان کی تاریخ اور جغرافیہ دونوں کو بدل دیں گے، وزیر اعظم آزاد کشمیر

Scroll to Top