مظفرآباد : تحریک آزادی کشمیر کے عظیم راہنما، شہید محمد اشرف خان صحرائی کا چوتھا یومِ شہادت مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا۔
شہید محمد اشرف خان صحرائی کا چوتھا یومِ شہادت کے موقع پر پاسبانِ حریت جموں کشمیر کے زیرِ اہتمام ایک اہم سیمینار بعنوان “بندہِ صحرائی مردِ کوہستانی” کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں، خواتین، نوجوانوں اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سیمینار کی صدارت چیئرمین پاسبانِ حریت عزیر احمد غزالی نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی شہید صحرائی کے فرزند محمد ریاض خان صحرائی تھے۔ شرکاء نے شہید کی تحریکِ آزادی کیلئے دی گئی قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ عزیر احمد غزالی نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہید اشرف خان صحرائی نے ریاست جموں و کشمیر کی آزادی کیلئے اپنی جان قربان کی۔ انہوں نے بھارتی استعماری ہتھکنڈوں اور مظالم کا نہایت بہادری سے مقابلہ کیا اور یہاں تک کہ اپنے بیٹے کو بھی رضاکارانہ طور پر جدوجہد کے لیے پیش کیا، جس کا جنازہ بھی انہوں نے خود پڑھایا۔
محمد ریاض خان صحرائی نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کے عوام اپنے عظیم قائد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، جو اسلامی انقلاب اور آزادی کے سچے ہیرو تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے والد کا مشن ابھی مکمل نہیں ہوا، اور نوجوان نسل کو اسے مکمل کرنے کی ذمہ داری نبھانی ہوگی۔ شوکت جاوید میر، رہنما پیپلز پارٹی، نے کہا کہ اشرف صحرائی کی جدوجہد ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ راجہ محمد آفتاب، جماعتِ اسلامی کے رہنما، نے کہا کہ تحریکِ اسلامی شہید کو سلام پیش کرتی ہے، جنہوں نے ایک نظریے کیلئے اپنی زندگی وقف کی۔
عثمان علی ہاشم، وائس چیئرمین پاسبانِ حریت، نے کہا کہ کشمیری عوام شہید صحرائی کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے، جبکہ حریت رہنما مشتاق الاسلام نے کہا کہ وہ انقلاب و آزادی کے ایک عظیم راہنما تھے۔ شعبہ خواتین پاسبانِ حریت کی سربراہ مہناز قریشی نے کہا کہ کشمیری خواتین شہید صحرائی کو عظیم مزاحمت کی علامت مانتی ہیں۔ سماجی راہنما جاوید احمد مغل نے شہید کو رول ماڈل قرار دیا، جنہوں نے بیٹے سمیت خود کو بھی قربان کیا۔
تنظیر اقبال، جاوید احمد کار، اور محمد اسلم انقلابی نے بھی شہید صحرائی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ادھورے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا اور بھارت کے خلاف مزاحمت ہر حال میں جاری رہے گی۔