لیپہ کے عوام کی آواز: ہم اپنے وطن کی حفاظت کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں

وادی لیپہ، قدرت کے حسین مناظر کے ساتھ ساتھ، آج کل ایک منفرد سیاسی گفتگو کا مرکز بن چکی ہے۔ ملکی حالات کی گہری نظر وادی کے ہر گوشے میں پائی جاتی ہے۔ جہاں بھی دو یا دو سے زائد افراد اکٹھے ہوتے ہیں، وہاں موجودہ ملکی صورتحال زیر بحث آتی ہے۔

وادی لیپہ کے لوگوں میں ایک خاص بات یہ ہے کہ ان کی بحث کا محور نہ صرف سیاسی تجزیہ ہے بلکہ قومی یکجہتی اور حب الوطنی کی شدت ہے۔ وادی لیپہ کے ایک مشہور چائے کے ڈھابے پر بیٹھے چند شہریوں سے کشمیر ڈیجیٹل کے رپورٹر نے بات کی ، جہاں لوگوں کی بات چیت نے یہ جاننے کا موقع دیا کہ وہ موجودہ ملکی صورتحال کو کس نظر سے دیکھتے ہیں۔ چائے کے کپ کے ساتھ جاری اس گفتگو میں ایک بات واضح ہوئی کہ لوگ نہ صرف موجودہ حالات کو سمجھتے ہیں بلکہ اس پر مضبوط مؤقف بھی رکھتے ہیں۔

ایک شہری نے کہا، “وادی لیپہ کی عوام اپنے پورے جذبے کے ساتھ پاکستان کی فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ سب سے پہلے، ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہےاور ہم اپنے وطن کے دفاع میں کسی بھی قربانی کے لیے تیار ہیں۔یہاں ہر فرد اس بات پر متفق ہے کہ بھارتی حکمت عملی کے سامنے پاکستان کا دفاع مضبوط اور پرعزم ہوگا۔

ایک اور شہری نے بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی کی دھمکیوں کے بارے میں کہا، “مودی کی دھمکیاں ہمارے جوتے کی نوک پر ہیں۔ اگر بھارت نے کوئی ایسی غلطی کی تو اسے ایسا جواب ملے گا کہ وہ دہائیوں تک یاد رکھے گا، وادی لیپہ کے عوام بلند حوصلہ ہیں اور اپنے وطن کی سالمیت کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کےبالائی علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار، سندھ میں طوفانی بارش سے نظامِ زندگی مفلوج

وادی لیپہ میں یہ بات چیت نہ صرف مقامی سطح پر ایک عزم کا مظہر ہے بلکہ یہ پورے پاکستان کے لیے ایک پیغام بھی ہے کہ جب بات وطن کے دفاع کی ہو، تو عوام اور فوج ایک ہی صف میں کھڑے ہیں۔ مودی کی دھمکیاں شاید پاکستان کے عزم کو کمزور نہ کر سکیں بلکہ یہ ایک یاد دہانی ہو کہ پاکستانی عوام اپنے حقوق اور سرحدوں کے دفاع میں ہمیشہ مضبوط رہیں گے۔

Scroll to Top