لیپہ ویلی کے عوام کا پہلگام آپریشن کے خلاف مظاہرہ، پاک فوج کی بروقت کارروائی کو خراج تحسین

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) لیپہ ویلی آزاد کشمیر کے عوام نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے خلاف مظفرآباد سینٹرل پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں شرکاء نے بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ پہلگام حملے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف بڑھتی ہوئی جارحیت ناقابلِ قبول ہے اور اس کا منہ توڑ جواب دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے پاک فوج کی بروقت کارروائی اور بھارتی جارحیت کا بھرپور دفاع کرنے پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے مظاہرین نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی سے آزاد کشمیر میں سیاحت متاثر ہوسکتی ہے، جو اس سے قبل بہت اچھے انداز میں جاری تھی۔

یہ بھی پڑھیں: لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر پاکستانیوں کا احتجاج: جارحیت کی صورت میں منہ توڑ جواب دینے کا عزم

مظاہرین نے اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ملکی دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے حکومتِ آزاد کشمیر اور پاک فوج سے مطالبہ کیا کہ عوامی تحفظ کے لیے ریٹائرڈ فوجی اہلکاروں پر مشتمل ایک دفاعی کمیٹی تشکیل دی جائے۔

اس کے ساتھ ساتھ مظاہرین نے تجویز دی کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں فرسٹ ایڈ کی تربیت لازمی قرار دی جائے تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔

Scroll to Top