خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت کو آج ایک غیر معمولی بریفنگ دی جائے گی۔
بریفنگ میں قومی سلامتی، دفاعی حکمت عملی اور سفارتی محاذ پر پیش رفت پر تفصیل سے روشنی ڈالی جائے گی۔ یہ اہم اجلاس سیاسی قیادت کو یکجا کرنے اور قومی بیانیے کو مضبوط بنانے کی ایک سنجیدہ کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری آج ملک کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماوں کو قومی سلامتی کی تازہ ترین صورتحال پر اہم بریفنگ دیں گے۔ذرائع کے مطابق بریفنگ کا محور حالیہ پاک بھارت کشیدگی اس کے ممکنہ اثرات اور پاکستان کے دفاعی و سفارتی ردعمل پر ہو گا۔ بریفنگ میں شرکاء کو افواجِ پاکستان کی دفاعی تیاریوں، سفارتی اقدامات اور ریاستِ پاکستان کے واضح مؤقف سے آگاہ کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ قدم قومی یکجہتی، سیاسی ہم آہنگی اور داخلی استحکام کی مضبوط علامت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر پاکستانیوں کا احتجاج: جارحیت کی صورت میں منہ توڑ جواب دینے کا عزم
یاد رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں مقامی سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت نے بغیر ثبوت پاکستان پر الزام عائد کیا تھا۔ بھارتی حکومت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے، پاکستانی سفارتی عملے کو 30 اپریل تک ملک چھوڑنے کا حکم دینےاور پاکستانی شہریوں کے ویزے منسوخ کرنے جیسے انتہائی اقدامات کیے۔
اس جارحانہ رویے کے جواب میں پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے بھرپور ردعمل دیا جس کے تحت بھارت سے تجارت بند کرنے، واہگہ بارڈر کی عارضی بندش، بھارتی ایئرلائنز کے لیے فضائی حدود معطل کرنے اور ملک میں موجود بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹوں میں پاکستان چھوڑنے کا حکم جاری کیا گیا۔