کوٹلی میں افسوسناک واقعہ: گیارہ ہزار کے وی تاروں سے کرنٹ لگنے پر کمسن طالبہ بری طرح زخمی

کوٹلی کے نواحی علاقے ناڑ میں بجلی کی خطرناک اور نیچے جھکی ہوئی ہائی وولٹیج تاروں نے ایک معصوم زندگی کو شدید نقصان پہنچایا۔ اسکول سے چھٹی کے بعد گھر جاتے ہوئے ایک کمسن طالبہ کو زمین کے قریب جھولتی ہوئی 11 ہزار کے وی کی مین لائن کی تاروں سے کرنٹ لگ گیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئی۔

متاثرہ طالبہ کی شناخت زرش کاشف کے نام سے ہوئی ہے، جسے فوری طور پر تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق کرنٹ لگنے سے زرش کا ایک ہاتھ اور بازو بری طرح متاثر ہوا، جسے بچایا نہ جا سکا اور بالآخر کاٹنا پڑا۔ اس افسوسناک سانحے کے باعث زرش عمر بھر کے لیے اپنے ہاتھ اور بازو سے محروم ہوگئی۔

واقعہ کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ شہریوں نے اس المیے کی ذمہ داری محکمہ برقیات کی مجرمانہ غفلت پر عائد کی ہے اور حکومت و اعلیٰ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی کئی ہائی وولٹیج تاریں مختلف علاقوں میں زمین سے خطرناک حد تک قریب ہیں، جو کسی بھی وقت انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتی ہیں۔ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو مزید حادثات کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وادی نیلم میں مکمل سکون، کشمیری عوام کا مودی کو دوٹوک پیغام!

حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بجلی کی تاروں کی مرمت اور بلندی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے دل دہلا دینے والے واقعات سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top