وادی نیلم میں مکمل سکون، کشمیری عوام کا مودی کو دوٹوک پیغام!

وادی نیلم میں حالات مکمل طور پر پرامن اور معمول کے مطابق ہیں، تاہم کنٹرول لائن کے قریب بسنے والے کشمیری عوام نے مودی سرکار کو سخت الفاظ میں وارننگ دے دی ہے۔

عوامی جذبہ دیدنی ہے ،شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بھارت نے کسی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو وہ پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کے لیے تیار ہیں۔ وادی میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے باعث نہ صرف مقامی افراد بلکہ ملک بھر سے سیاح بھی بڑی تعداد میں نیلم ویلی کا رخ کر رہے ہیں۔

کشمیر ڈیجیٹل کے نمائندے کو مقامی افراد اور سیاحوں نے بتایا کہ بھارتی میڈیا اور حکومت کی طرف سے ایک ہفتے سے مسلسل جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر کشیدگی ہے، جبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ نیلم ویلی  کنٹرول لائن کے تمام علاقے مکمل طور پر پرامن ہیں اور کسی بھی قسم کی فائرنگ یا جارحیت کی کوئی اطلاع نہیں۔

کیرن سیکٹر میں لوگوں کا کہنا تھا کہ ہم  مودی سرکار کو واضح پیغام دینا چاہتے ہیں ،ہم ایک ہفتے سے بھارتی الرٹ کا جواب پرامن انداز میں دے رہے ہیں، لیکن اگر بھارت نے کوئی حرکت کی تو ہم نے بھی پچھلے حساب چکانے ہیں ۔ ایک اور شہری نے پُرعزم لہجے میں کہا کہ تم کتنے کشمیری مارو گے؟ ہر گھر سے حافظ منیر نکلے گا، اور ہم اپنی فوج سے پہلے قربانی دیں گے اس کے علاوہ  کراچی سے آئے ایک سیاح نے کہا کہ وہ اپنی فیملی کے ہمراہ نیلم ویلی کی سیر کے لیے آئے ہیں اور یہاں حالات مکمل طور پر پرامن اور محفوظ ہیں، پاک فوج ہمارے ساتھ ہے بلکہ ان کا کہنا ہے کہ آپ گھومیں پھریں، یہاں کسی قسم کی کوئی پابندی یا خوف کا ماحول نہیں۔ مودی کچھ نہیں بگاڑ سکتا!

مقامی نوجوانوں کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب کنٹرول لائن پر سناٹا ہے لیکن پاکستان کی طرف معمول سے زیادہ چہل پہل ہے اور لوگ خود لائن آف کنٹرول کے قریب جا کر یہ پیغام دے رہے ہیں کہ پاکستان کے عوام اور افواج ہر محاذ پر ایک ساتھ کھڑے ہیں۔

سیکیورٹی صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے، پاک فوج پوری طرح چوکس ہے اور ہر طرح کے حالات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور صرف مستند ذرائع سے حاصل شدہ خبروں پر یقین رکھیں۔

Scroll to Top