سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کو کشمیریوں کے لیے “بہت بڑا سرمایہ” قرار دیتے ہوئے اُن کے حالیہ بیانات اور کردار کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت، جذبہ، وژن اور عزم ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔
سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے مظفرآباد میں اپنے خطاب کے دوران واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان تین جنگیں لڑ چکا ہے، اگر سات اور لڑنی پڑیں تو وہ بھی لڑیں گے، لیکن کشمیر کو چھوڑا نہیں جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ کاکول میں بھی جنرل عاصم منیر نے ایک مضبوط بیانیہ دیا اور تارکینِ وطن کے ساتھ بھی کھل کر گفتگو کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کی طرف سے پانی بند کرنے کی کسی بھی بھارتی کوشش کو “جنگی اقدام” (Act of War) قرار دیا، جو ایک دوٹوک اور مضبوط پیغام ہے۔ سردار عتیق نے کہا کہ جنرل عاصم منیر ایک پختہ مسلمان ہیں، اُن میں عزم، حوصلہ،واضح وژن اور غیرمتزلزل کمٹمنٹ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے لیے یہ بہت بڑا سرمایہ ہے کہ ایسا شخص ہمارا سپہ سالار ہے۔
سردار عتیق احمد خان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ کی صورت میں پاکستان کی پوزیشن مضبوط ہونےکو واضح کرتے ہوئے اہم بیان دیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ بھارت اگر پاکستان پر حملے کی کوشش کرتا ہے تو یہ اس کی بہت بڑی غلطی ہو گی ۔ انھوں نے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ اگر خدانخواستہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ ہوتی ہے تو انہیں پاکستان کا “پلڑا بھاری” دکھائی دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اگر پاکستان پر حملے کی کوشش کرتے ہیں تو وہ بہت بڑی غلطی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کے جذبۂ آزادی کو سرد نہیں کر سکتا۔ کشمیر کی تحریک آزادی ہی دراصل پاکستان کے دفاع کی طاقت ہے اور یہی وہ قوت ہے جو بھارت کے مقابلے میں پاکستان کی سلامتی کی ضامن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں کچھ تیزی آ سکتی ہےاور چھوٹے موٹے ’ایڈونچرز‘ بھی ہو سکتے ہیں، تاہم بھارت کا اصل ہدف کشمیر ہی ہے۔ انہوں نے پُراعتماد لہجے میں کہا کہ اگر بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ چھڑتی ہے تو انہیں پورے یقین کے ساتھ کہنا ہے کہ پاکستان کا پلڑا بھاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کا جذبہ ناقابل تسخیر ہےاور بھارتی جارحیت نہ صرف پاکستان بلکہ تحریک آزادی کشمیر کے جذبے کو بھی مزید تقویت دے گی
یہ بھی پڑھیں: سرحد پار کشیدگی، وادی نیلم میں سیاحت اور معمولات زندگی جاری
سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ ہندوستان کے میڈیا کے مقابلے میں پاکستان کے میڈیا نے ایک ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے اور ہندوستان کے منفی پروپیگنڈے کو شکست دی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ چین نے اس موقع پر ایک بہت خوبصورت اور دوٹوک بیان دیا ہے کہ “ہم پاکستان کی سلامتی، بقا اور خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے”۔ یہ چین کی بہت بڑی اسٹیٹمنٹ ہے، چین کا کہنا ہے کہ پاکستان چین کا اسٹریٹجک پارٹنر ہے اور چین دروازے پر کھڑا ہے۔