سدھنوتی(کشمیر ڈیجیٹل) ڈپٹی کمشنر سدھنوتی سید ممتاز کاظمی کی زیر صدارت ایمرجنسی محکمہ جات کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ صحت، شاہرات، پولیس، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122 اور برقیات کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں موجودہ صورتحال، خصوصاً بھارت کے جنگی جنون کے تناظر میں ضلع سدھنوتی میں عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات پر غور کیا گیا۔
تمام محکموں نے اپنی اپنی تیاریوں اور ایمرجنسی پلانز پیش کیے،ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر “ایمرجنسی ریپڈ ریسپانس ٹیم” کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ہر علاقے سے مرد و خواتین رضاکاروں کو اس میں شامل کیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری اور مؤثر ردعمل دیا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ افواجِ پاکستان دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
ہماری فوج ایک پیشہ ور، بہادر اور دنیا کی بہترین فورس ہے، عوام کو کسی قسم کی پریشانی میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔سدہنوتی کی اہم شاہراہ چھتریڑی گجن ٹوٹ پھوٹ کا شکار،عوام کو شدید مشکلات
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کی دھمکیوں سے خوفزدہ ہونے کے بجائے قوم کو اعتماد اور اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
ڈپٹی کمشنر ممتاز کاظمی نے کہا کہ تمام ایمرجنسی محکموں کی چھٹیاں منسوخ اور کسی بھی ملازم کی غیر موجودگی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس ضمن میں باقاعدہ سرکلر جاری کیا جائے تاکہ تمام عملہ اپنی ڈیوٹی پر بروقت اور پوری ذمہ داری کے ساتھ موجود رہے۔
انہوں نے تمام محکمہ جات کو الرٹ رہنے، عوام سے قریبی رابطہ رکھنے اور کسی بھی ہنگامی اطلاع پر فوری رسپانس کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ، اجلاس کے اختتام پر تمام اداروں کے درمیان بھرپور رابطہ کاری پر اتفاق کیا گیا۔