اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)حریت رہنما یٰسین ملک کی اہلیہ،سابق نگران وفاقی مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارت کی دہشتگردی دہائیوں سے چلی آرہی ہے ، پہلگام ،بالاکوٹ ہو ، اڑی ہو یا پلوامہ اٹیک ہو۔ان سب کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے پوری دنیا جانتی ہے۔
کشمیر ڈیجیٹل کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ مودی پہلے بھی ایسی حرکتیں کرتا آیا ہے تاکہ پاکستان کو بدنام کرسکے ۔ بلوچستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھی بھارت کا ہی ہاتھ ہے ، بلوچستان سے بھارتی لوگ گرفتار ہوئے، کلبھوشن یادیو ابھی تک پاکستان کی ہی کسٹڈی میں ہے ۔
سابق نگران وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ الیکشن میں مودی نے پلوامہ اٹیک کروا کر اکثریت سے اپنی حکومت بنا لی ۔ دوسرے الیکشن کیلئے حریت رہنما یٰسین ملک کو ٹارگٹ پر رکھا ہوا تھا ، مودی نے یاسین ملک کو پھانسی دینے کا پلان بنارکھا تھا جسے میں نے غیر ملکی دوروں اور سفارتی سطح پر ناکام بنایا اب بہار میں کامیابی کیلئے مودی نے پہلگام کا ڈرامہ رچایا ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں کشمیریوں کی جتنی بھی ٹارگٹ کلنگز ہوئیں ان میں بھارت کا ہی تو ہاتھ ہے ۔ پہلگام واقعہ اس وقت ہو اجب امریکی نائب صدر بھارت کا دورہ کررہا تھا اور پورے بھارت میں وقف بورڈ کے حوالے سے شور برپا تھا۔
اس شور کو کم کرنے اور دنیا کو دکھانے کیلئے بھارت نے اپنے ہی بندے مقبوضہ کشمیر میں مروادیئے ۔ جب یہ قتل عام ہورہا تھا کہ اس وقت دس لاکھ کی بھارتی فوج کہاں تھی ؟ اتنا بڑا سکیورٹی لیپس کیسے ہوا ، کیا ان سوالات کا مودی کے پاس کوئی جواب ہے ۔
مشعال ملک کا کہنا تھا کہ بھارتی دہشتگردی سے امریکہ اور کینیڈا بھی بہت تنگ ہیں ، گزشتہ عرصے میں تو کینیڈا ااور بھارت کے درمیان کتنی کشیدگی بڑھ گئی تھی ، کینیڈا میں را کے ایجنٹوں نے سکھوں کا قتل عام کروایا اجس کے بعد عالمی سطح پر بھارت کی ساکھ کمزور ہوئی ، پھر خالصتان تحریک بھی مودی کے گلے پڑی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دو ایٹمی قوتیں ہیں اگر جنگ ہوتی ہے تو لاکھوں افراد جان کھوسکتے ہیں ۔پاک فوج نے چھپے دشمنوں کو سامنے لاکر تباہ کیا اور آج بھی پاک فوج اندرونی اور بیرونی دشمنوں کیساتھ نبرد آزما ہے جس اور پاک فوج کی کامیابی یقینی ہے ۔
مشعال ملک نے کہا کہ ہمیں اپنی پاک فوج پر فخر ہے اور ہمیں فخر ہے اپنی کشمیری قوم پر ۔ بھارت جتنے مرضی ظلم وستم کرلے کشمیری قوم نے متحد ہوکر اس دشمن کا مقابلہ کرکے اسے شکست دینا ہوگی۔