کیتھولک مسیحیوں کے نئے روحانی پیشوا کے انتخاب کا عمل 7 مئی سے شروع ہوگا۔ ویٹی کن میں تاریخی کانکلیو کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے کارڈینل کوٹس بھی اس کانکلیو میں شرکت کیلئے روم پہنچ چکے ہیں جہاں کانکلیو کے آغاز تک ان کی میزبانی پاکستان میں طویل عرصہ تک خدمات انجام دینے والے فادر رابرٹ مککولک کریں گے۔
لفظ “کانکلیو” لغوی طور پر “چابی سے بند کمرہ” کے مفہوم میں آتا ہے، مگر عملی طور پر یہ اس مقدس موقع کو کہتے ہیں جب کیتھولک چرچ کے کارڈینلز ویٹی کن کی مخصوص اور محفوظ عمارت میں یکجا ہو کر نئے پوپ کے انتخاب کا اہم فریضہ انجام دیتے ہیں۔
7 مئی کی صبح 10 بجے سینٹ پیٹرز بیسیلیکا میں ایک اجتماعی دعا کے ساتھ رسومات کا آغاز ہوگا، جس میں عام لوگ بھی شریک ہوں گے۔ دوپہر کو کارڈینلز پالین چیپل میں جمع ہو کر حلف اٹھائیں گے کہ وہ پوپ کے انتخاب سے متعلق تمام تفصیلات کو مکمل راز میں رکھیں گے۔ بعد ازاں، وہ سسٹین چیپل روانہ ہوں گے۔
ابتدائی طور پر فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا پہلی ہی شام کو ووٹنگ کی جائے یا نہیں، لیکن روایت یہی ہے کہ پہلی شام ہی ووٹنگ کا پہلا مرحلہ ہوتا ہے۔ اگر کوئی امیدوار دو تہائی اکثریت حاصل نہ کر سکے تو سیاہ دھواں چیپل کی چمنی سے اٹھتا ہے، جو دنیا کو اطلاع دیتا ہے کہ انتخاب نہیں ہو سکا۔
روزانہ دو بار صبح اور دو بار شام کو بیلٹنگ ہوتی ہے۔ اگر مسلسل تین دن تک کوئی فیصلہ نہ ہو تو دعائیہ وقفہ کیا جاتا ہے۔ جوں ہی کسی امیدوار کو 133 میں سے کم از کم 89 ووٹ مل جاتے ہیں، انہیں پوپ منتخب کر لیا جاتا ہے۔
منتخب کارڈینل سے سینئر ترین کارڈینل پیترو پارولین سوال کرتے ہیں کہ کیا وہ منصب قبول کرتے ہیں؟ اگر جواب اثبات میں ہو تو سسٹین چیپل میں مخصوص کیمیکل کے ذریعے پرچیاں جلا کر سفید دھواں خارج کیا جاتا ہے، جو دنیا بھر کو بتاتا ہے کہ نیا پوپ منتخب ہو چکا ہے۔
بعدازاں، سینئر کارڈینل ڈیکن ڈومینک ممبرٹی سینٹ پیٹرز بیسیلیکا کی بالکونی سے دنیا کے سامنے اعلان کریں گے: “Habemus Papam” یعنی “ہمارے پاس پوپ ہے”۔
پوپ فرانسس کے انتقال کے بعد ویٹی کن میں جو عبوری دور جاری ہے، اسے “سید وکانت” کہا جاتا ہے۔ یہ وہ وقت ہوتا ہے جب سینٹ پیٹر کی خالی مسند نئے جانشین کے انتظار میں ہوتی ہے۔ اس عبوری دور کی علامت دو چابیاں اور ایک چھتری ہوتی ہے، جو حضرت عیسیٰ کی طرف سے دی گئی مذہبی اتھارٹی کی علامت سمجھی جاتی ہیں۔
سید وکانت کے دور کی علامت ایک چھتری اور دو چابیاں سمجھی جاتی ہیں، جو کیتھولک عقیدے کے مطابق حضرت عیسیٰ نے سینیٹ پیٹر کو اختیار کی علامت کے طور پر دی تھیں۔ جب تک نیا پوپ منتخب نہیں ہوتا، یہ علامتی نشان ویٹی کن کی عبوری قیادت کی نمائندگی کرتا ہے۔ جیسے ہی نئےپوپ کا انتخاب ہوجائے گا، ان چابیوں کی جگہ نئے روحانی پیشوا کا مخصوص نشان لے لے گا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل مسیحیوں کے روحانی پیشوا، پوپ فرانسس 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔




