وزیراعظم کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر بھمبر کی زیر صدارت اہم اجلاس، موجودہ حالات میں سیکیورٹی حکمت عملی پر غور

ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری حق نواز کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں حالیہ بھارتی دہشتگردی، آبی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر کے علاقہ پہلگام میں سیاحوں کے قتل کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں سیکیورٹی اور عوامی تحفظ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایس ایس پی چوہدری محمد امین، ایس ڈی ایم ہیڈکوارٹر محمد عیص بیگ، ڈی ایچ او محترمہ ڈاکٹر ارم بتول سمیت دیگر محکموں کے سربراہان و نمائندگان نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھمبر کے عوام کی کشادہ دلی اور مہمان نوازی کو سراہا اور کہا کہ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی ہدایات پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں ایل او سی کے قریبی علاقوں میں شہریوں، صحت، انفراسٹکچر، مال مویشی، تیار فصلوں اور دیگر نظام زندگی کو معمول کے مطابق جاری رکھنے کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

تعلیمی ادارے، بنیادی مراکز صحت، سرکاری املاک کی حفاظت کے لیے پلان آف ایکشن پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ مقامی سطح پر بلدیاتی نمائندوں کے تعاون سے سیکیورٹی و ویجیلینس کا جامع پلان ترتیب دیا گیا۔ پانی، بجلی، خوراک، آٹا، اجناس کی بلاتعطل فراہمی، ادویات، ریسکیو اور شاہرات کی بہتری کے لیے بھی مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔

اجلاس میں کنٹرول رومز، محکمہ جات کے فوکل پرسنز، حاضری سسٹم، موبائل و انٹرنیٹ کی دستیابی، اور سب ڈویژن سطح پر ہمہ وقت الرٹ رہنے پر زور دیا گیا۔

ایس ایس پی بھمبر نے ٹرانسپورٹ، پانی و خوراک کے ذخائر، واش رومز، خیموں، ادویات، ویکسین اور سیکیورٹی سے متعلق تجاویز پیش کیں۔ ڈی ایچ او ڈاکٹر ارم بتول نے اجلاس کو بتایا کہ ریپڈ رسپانس ٹیمیں تیار ہیں، کنٹرول رومز، خون کے عطیات، اور سرکاری و نجی ایمبولینسز دستیاب ہوں گی۔

ایم ایس ڈاکٹر محمد منصور نے یقین دلایا کہ طبی عملہ ہمہ وقت الرٹ ہے اور وسائل سے بڑھ کر خدمات انجام دے رہا ہے۔ دیگر پرائیویٹ اسپتالوں کے ساتھ کوآرڈینیشن کی بھی ضرورت پر زور دیا گیا۔

سوشل ویلفیئر کے محمد اعتزاز نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ این جی اوز کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ایمبولینسز الرٹ پر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وادی لیپہ میں دفاعِ وطن ریلیاں، پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے فضا گونج اُٹھی

اجلاس میں دیگر افسران، جن میں افسر مال انجینئر محمد علی ملک، ڈی ڈی ایل جی راجہ وحیدالرحمان، ایکسئین برقیات میاں عبیداللہ، ڈی ای او محمد شفیق اصغر، ڈی ای او نسواں وقاص صابر، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر عدنان مختار، ایس ڈی اوز چوہدری تنویر، راجہ حماد خالد، زردار حسین، سی ڈی او چوہدری عبدالروف، ایس ڈی او آصف بشیر، مبشر مشتاق، ڈی ڈی ایم اے سمیت دیگر نے شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام صلاحیتیں بروئے کار لاکر عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

Scroll to Top