وادی لیپہ: لائن آف کنٹرول کے قریب واقع وادی لیپہ میں آج پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے شاندار دفاعِ پاکستان ریلیاں نکالی گئیں۔
ریلیوں میں وادی کے مختلف اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ “پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے پوری فضا گونج اُٹھی اور شرکاء نے جوش و جذبے سے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنے وطن سے محبت کا اظہار کیا۔
ریلیوں کا مقصد نہ صرف پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی ظاہر کرنا تھا بلکہ موجودہ ملکی صورتحال اور پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں عوامی اعتماد اور عزم کو اجاگر کرنا بھی تھا۔ شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اور پاک فوج کے حق میں بینرز اٹھا رکھے تھے جبکہ مقررین نے اپنے خطابات میں واضح کیا کہ جس طرح لائن آف کنٹرول پر پاک فوج دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے، قوم اس پر ان کی شکر گزار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف سے راجہ نثار احمد شاہق کی اہم ملاقات
مقررین نے کہا کہ ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔ وادی لیپہ کے عوام نے ریلیوں کے ذریعے واضح پیغام دیا کہ وہ ہر محاذ پر اپنے محافظوں کے ساتھ ہیں اور وطن کی حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ریلی کے اختتام پر شرکاء نےوطن عزیز اور پاک فوج کے لیے دعائیں کیں اور عزم دہرایا کہ پاکستان کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔