کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاؤن، راولاکوٹ میں گاڑیاں اور موٹر سائیکل ضبط

راولاکوٹ : اسسٹنٹ کمشنر راولاکوٹ سردار مشتاق احمد کی قیادت میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بڑا ایکشن لیا گیا۔

موٹر وہیکل ایگزامینر محمد ذیشان، ٹی ایس آئی کاظم حسین شاہ، سجاد علی خان اور پولیس نفری کے ہمراہ پیٹرول گیس چوک راولاکوٹ میں کارروائی کرتے ہوئے کم عمر ڈرائیورز کی چار گاڑیاں اور متعدد موٹر سائیکل ضبط کر لیے گئے۔ کارروائی کے دوران متعدد موٹر سائیکل مالکان کو ہیلمٹ نہ پہننے پر موقع پر ہی جرمانہ کیا گیا جبکہ بغیر کاغذات چلنے والی گاڑیوں کے خلاف بھی مؤثر کارروائی کی گئی۔ اس کے علاوہ سیاہ شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف بھی ایکشن لیا گیا تاکہ غیر قانونی رجحانات کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سردار مشتاق احمد نے والدین سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ سے مکمل تعاون کرتے ہوئے 18 سال سے کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل یا گاڑی چلانے کی اجازت نہ دیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین پر مکمل عملدرآمد کروانے کے لیے سختی سے اقدامات جاری رہیں گے اور کسی کو بھی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Scroll to Top