پنجاب

ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی، شدید گرمی کے بعد موسم خوشگوار ہونے کا امکان

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے 4 مئی تک وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں، جن کے باعث موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق کشمیر ، اسلام آباد، مری، گلیات، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف مقامات پر بارشیں ہونے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بعض مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان موجود ہے، جس سے بعض علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ یا ندی نالوں میں طغیانی بھی آسکتی ہے۔

ادھر 2 مئی سے 5 مئی کے دوران جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے چند علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران سکھر، میرپورخاص، خیرپور، تھرپارکر، سانگھڑ اور عمرکوٹ کے کچھ حصوں میں بادل برس سکتے ہیں، جس سے گرمی کی شدت میں کمی متوقع ہے۔

دوسری جانب گرمی کی حالیہ لہر نے ملک بھر میں درجہ حرارت کو غیر معمولی حد تک بڑھا دیا ہے۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت نواب شاہ میں ریکارڈ کیا گیا جہاں پارہ 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ رحیم یار خان، خیرپور، پڈعیدن، روہڑی اور دادو میں درجہ حرارت 48 ڈگری، جبکہ حیدر آباد اور بہاولپور میں 45، ملتان میں 44، پشاور اور مظفرآباد میں 41، لاہور میں 40 اور کراچی میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں رواں ہفتے گرمی کا نیا عالمی ریکارڈ بن سکتا ہے، امریکی اخبار کا انتباہ

اسلام آباد کا درجہ حرارت 38، کوئٹہ کا 37 جبکہ گلگت کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ موسمی صورت حال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خصوصاً پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والے افراد کو احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔

Scroll to Top