خطے کی بدلتی صورتحال:اماراتی نائب وزیر اعظم کا پاکستان کےنائب وزیراعظم سے اہم ٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں خطے کی حالیہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اس اہم گفتگو کے دوران سینیٹر اسحاق ڈار نے اماراتی ہم منصب کو بھارت کے بے بنیاد الزامات، اشتعال انگیز بیانات اور یکطرفہ اقدامات کے تناظر میں پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور ایسے اقدامات کی بھرپور مخالفت کرتا ہے جو حالات کو مزید کشیدہ کر سکتے ہیں۔

شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے بات چیت کے دوران خطے میں استحکام، تحمل، اور بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات ہر ممکن کوشش کرے گا کہ موجودہ کشیدگی کو کم کیا جا سکے اور خطے میں امن و تعاون کی فضا کو فروغ دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: دشمن کی جارحیت کی صورت میں آزادکشمیر کو بھارتی فوج کا قبرستان بنا دیں گے، راجہ فاروق حیدر

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے تناظر میں قریبی مشاورت اور رابطے جاری رکھے جائیں گے۔ اس موقع پر پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

فریقین نے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے، خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف پر مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Scroll to Top