دشمن کی جارحیت کی صورت میں آزادکشمیر کو بھارتی فوج کا قبرستان بنا دیں گے، راجہ فاروق حیدر

سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے لائن آف کنٹرول سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع اپنے حلقہ انتخاب میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کیا، جس دوران شرکا نے “پاک فوج زندہ باد”، “جنرل عاصم منیر زندہ باد” اور “دیکھو دیکھو کون آیا، شیر آیا” جیسے جوشیلے نعرے لگائے۔

راجہ فاروق حیدر خان نے خطاب میں دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر دشمن نے ہم پر جنگ مسلط کی تو ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ میدان میں اتریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں کا غزہ جیسا انجام دیکھنے کا خواب دیکھ رہا ہے، لیکن وہ یاد رکھے کہ پاک فوج اور پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پر ہے۔ ہم نہ صرف تیار ہیں بلکہ دشمن کی جارحیت کی صورت میں آزادکشمیر کو بھارتی فوج کا قبرستان بنا دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی جاسوس کواڈ کاپٹر مار گرایا گیا، پاک فوج کی بروقت کارروائی

ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو آزادکشمیر کے نقشے میں مزید وسعت لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں جنرل عاصم منیر کی تقریر کے بعد صف ماتم بچھی ہوئی ہے، کیونکہ وہ ایک دلیر سپہ سالار ہیں اور کشمیری قوم کو فخر ہے کہ اس وقت فوج کی قیادت ان جیسے جرأت مند انسان کے پاس ہے۔

راجہ فاروق حیدر خان نے وزیراعظم پاکستان جناب شہباز شریف کی تقریر کو بھی قومی امنگوں کی ترجمان قرار دیا ۔

Scroll to Top