وادی لیپہ میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ ، پاک فوج کا دشمن کی چوکیوں پر مؤثر وار

وادی لیپہ میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کا ایک اور واقعہ پیش آیا۔ فائرنگ کا سلسلہ رات ساڑھے گیارہ بجے شروع ہوا اور وقفے وقفے سے صبح پانچ بجے تک جاری رہا،پاک فوج نے دشمن کی جارحیت کا نہایت مؤثر انداز میں جواب دیا۔

تفصیلات کے مطابق وادی لیپہ میں بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ رات ساڑھے گیارہ بجے شروع ہوا، جو صبح پانچ بجے تک وقفے وقفے سے جاری رہا۔ پاک فوج نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر انداز میں جواب دیا اور خاص طور پر اُس بھارتی پوسٹ کو نشانہ بنایا جہاں سے سب سے زیادہ فائرنگ کی جا رہی تھی، جس کے نتیجے میں پوسٹ کو شدید نقصان پہنچا اور آگ بھڑک اٹھی۔

کچھ گولیاں آبادی کی جانب بھی آئیں تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ وہ بھارتی جارحیت کے باوجود مکمل حوصلے اور عزم کے ساتھ دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح ڈٹے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے کے دوران بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ اس کے باوجود وادی میں معمولاتِ زندگی مکمل طور پر بحال ہیں، تعلیمی ادارے، کاروبار اور روزمرہ سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر صورت حال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے ۔ مقامی آبادی نے پاک فوج پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

Scroll to Top