جنگلات کے تحفظ کیلئے تاریخی اقدامات، غیر قانونی کٹائی کے خلاف بھرپور کارروائیاں: چوہدری اکمل سرگالہ

وزیر جنگلات آزاد کشمیر چوہدری اکمل سرگالہ نےکشمیر ڈیجیٹل کے پروگرام میں کہا ہے کہ جب سے وزرات جنگلات کا قلمدان میرے پاس آیا ہے، ہم نے جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف بھرپور کارروائیاں عمل میں لا کر تاریخ رقم کی ہے اور ایک نئی مثال قائم کی ہے۔

اپنے ایک بیان میں وزیر جنگلات کا کہنا تھا کہ ہم نے بھرپور کوشش کی ہے کہ ریاست کے اس قیمتی خزانے کو غیر قانونی کٹائی سے محفوظ بنایا جائے۔ محکمہ جنگلات باقاعدہ کارروائیاں کر رہا ہے تاکہ ایسے عناصر کا راستہ روکا جا سکے جو قانون شکنی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ مقامی لوگوں کو جنگلات سے مستفید ہونے کیلئے باقاعدہ کوٹہ دیا جاتا ہے اور انہیں اجازت نامے جاری کیے جاتے ہیں، تاکہ مقررہ حدود کے اندر قانونی طور پر لکڑی کا استعمال کیا جا سکے۔ تاہم بعض عناصر ان حدود سے تجاوز کرتے ہوئے غیر قانونی کٹائی کرتے ہیں، جس کے خلاف محکمہ جنگلات مسلسل کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

چوہدری اکمل سرگالہ نے کہا کہ تاریخ میں اس سے پہلے ایسی بھرپور کارروائیوں اور جنگلات کے تحفظ کے لیے اتنے سخت اقدامات کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ ہماری اولین ترجیح ہے کہ ریاست کے قدرتی وسائل کو محفوظ بنایا جائے۔

Scroll to Top