عالمی برادری پاک بھارت کشیدگی کو جنگ کی طرف جانے سے روکے، صدر آزادکشمیر

اسلام آباد:صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے سابق صدر سردار مسعود خان کی ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات،مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والی فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی اوراس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں کشمیریوں پر ظلم و جبر کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا یہ جانتی ہے کہ بھارت ہندوتوا کے نظریے پر گامزن ہے اور مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کئے ہوئے ہے۔

بیرسٹر سلطان  نے کہا کہ بھارت ایسے فالس فلیگ آپریشن کر کے مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کشمیر کو سبو تاژ کرنا چاہتا ہے لیکن مقبوضہ کشمیر کے عوام کی دہائیوں پر محیط تحریک آزادی کشمیر ظلم و بربریت سے دبائی نہیں جاسکتی۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے جابرانہ قبضے کو غیر قانونی اور غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کو جنگ کی طرف جانے سے روکے اور بھارت کو اُس کے مذموم عزائم سے باز رکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ تنازعہ کشمیر کا حل نہیں بلکہ یہ پورے خطے کو مزید مشکلات میں دھکیل دے گی پاک بھارت دو ایٹمی طاقتیں ہیں جن کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایٹمی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے جس سے پوری دنیا کے امن کو خطرہ ہے۔

انٹرنیشنل کمیونٹی کو یہ باور کرنا چاہیے کہ جنوبی ایشیاء میں امن کی کنجی مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے لہذا عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود اور سردار مسعود خان نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالی اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے دنیا کے ہر فورم پرموثر انداز میں آواز اُٹھانے کے لئے مل کر کوششیں کی جائیں گی۔

بیرسٹر سلطان محمود اور سردار مسعود خان کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر اُمور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: صدر بیرسٹر سلطان سے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق کی ملاقات، سرحدی کشیدگی سمیت اہم امور پر مشاورت

Scroll to Top