بھارت پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کے لیے کیس تیار کر رہا ہے: امریکی اخبار کا انکشاف

امریکی جریدے نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت مبینہ طور پر پاکستان پر حملے کے لیے اپنا کیس تیار کر رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پہلگام واقعے کے بعد بھارتی حکومت نے 100 غیر ملکی مشنز کے سفارتکاروں کو وزارت خارجہ میں طلب کرکے واقعے سے متعلق بریفنگ دی۔

اخبار کے مطابق بھارتی حکام نے بتایا کہ ان کی تحقیقات ابھی جاری ہیں اور انہوں نے پہلگام واقعے کے ذمہ داروں کے چہرے کی شناخت کے ڈیٹا اور تکنیکی انٹیلی جنس کے حوالے سے مختصر معلومات فراہم کیں، تاہم تجزیہ کاروں اور سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ اس بریفنگ میں بھارت واقعے کے بارے میں کوئی مضبوط ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا۔

امریکی اخبار کے مطابق اب تک شواہد کی عدم دستیابی دو امکانات کی نشاندہی کرتی ہے، یا تو بھارت کو مزید معلومات جمع کرنے کے لیے وقت درکار ہے،رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ان بریفنگز سے باخبر چار سفارتکاروں نے بتایا کہ نئی دہلی بظاہر پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کا جواز تیار کر رہا ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ بھارت پاکستان کے اندر مخصوص اہداف کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس حوالے سے ایک نجی چینل کےپروگرام میں دوران گفتگو متعلقہ ذرائع نے بتایا کہ اگر بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو پاکستان نہ صرف اسے ناکام بنائے گا بلکہ جوابی کارروائی میں سرحد پار سیکڑوں اہداف کو چند منٹوں میں نشانہ بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فضائی حدود کی بندش، بھارتی ائیرلائنز کو یومیہ21 کروڑ روپے کا خسارہ

ذرائع نے واضح کیا کہ حالیہ کشیدگی کی ابتدا پاکستان کی جانب سے نہیں ہوئی اور نہ ہی پہلگام واقعے میں پاکستانی ریاست یا کسی نان اسٹیٹ ایکٹر کے ملوث ہونے کے کوئی شواہد سامنے آئے ہیں۔

Scroll to Top