پاک بھارت کشیدگی پر آل پارٹیز پارلیمنٹری کشمیر گروپ برطانیہ کا اجلاس طلب

میرپور:برطانوی پارلیمنٹ میں قائم آل پارٹیز پارلیمنٹری کشمیر گروپ کے چیئرمین بیرسٹر عمران حسین نے پاکستان اور بھارت کے مابین جاری سرحدی و دیگر کشیدی ختم کروانے کے لئے آئندہ ہفتے آل پارٹیز پارلیمنٹری کشمیر گروپ کے عہدیداروں کا اجلاس برطانوی پارلیمنٹ میں طلب کر لیا۔

سابق چیئر پرسن آل پارٹیز پارلیمنٹری کشمیر گروپ ڈیبی ابراھم ایم پی نے مقبوضہ جموں کشمیر کے علاقہ پہلگام میں ہونے والے دلخراش واقع کی شدید مذمت کی اور پاکستان اور بھارت پر زور دیا کہ وہ اس واقع میں ملوث افراد کا سراغ لگائیں اور انہیں جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح پاکستان اور بھارت دو ایٹمی ممالک کی افواج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے وہ انتہائی قابل تشویش ہے، دونوں ممالک باہمی کشیدگی ختم کریں تاکہ سول آبادی کو نقصانات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین بھی ان دنوں پاکستان کے دورہ پر ہیں اور انہوں نے صورتحال کی کشیدگی کو بھانپتے ہوئے برطانوی ممبران پارلیمنٹ اور حکومتی عہدیداروں سے برق رفتار رابطے شروع کر دیئے ہیں۔

انہوں نے پاکستان اور بھارت کے مابین جاری کشیدگی فوری طور پرختم کروانے کے لئے برطانوی ممبران پارلیمنٹ اور برطانوی حکومت کے عہدیداروں سے ہنگامی رابطوں پر عمل درآمد شروع کر دیا۔برطانوی پارلیمنٹ کا ہنگامی اجلاس بلانے کے لئے کمر کس لی۔

راجہ نجابت حسین نے 200 سوسے زائد برطانوی ممبران پارلیمنٹ کو خط ارسال کیا ہے جس میں بھارت کی جانب سے جارحانہ اقدامات کرنے اور خطے کا امن تباہ کرنے کے سلسلہ میں تشویش کا اظہارکیا گیا ہے

راجہ نجابت حسین نے برطانوی حکومت اور برطانوی ممبران پارلیمنٹ سے اپیل کی ہے کہ ہم انتہائی احترام کے ساتھ آپ سے گزارش کرتے ہیں کہ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے برطانیہ کی حکومت جنوبی ایشیاء میں بھارت کی جانب سے پیدار کردہ خطرناک جنگی صورتحال پر پارلیمانی سوال اٹھائیں اور ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں پر زور دیں۔

یہ بھی پڑھیں: پہلگام واقعہ،پاکستان کی سفارتی سطح پر بڑی کامیابی،بھارت دنیا بھر میں رسوا

Scroll to Top