جہلم ویلی :دہشت گردی کے خدشات کے پیشِ نظر پولیس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کے لیے افواجِ پاکستان کے تعاون سے پولیس جوانوں کو جدید تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس تربیتی پروگرام کا مقصد پولیس اہلکاروں کو دہشت گردی، ہنگامی حالات اور دیگر چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے تیار کرنا ہے۔
ایس پی جہلم ویلی مرزا زاہد حسین نے آج تربیتی مرکز کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری تربیتی سرگرمیوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے پاک فوج کے اعلیٰ افسران سے ملاقاتیں کیں اور تربیتی مراحل کا جائزہ لیتے ہوئے پولیس جوانوں کی مہارت، جوش و جذبے اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔
اس موقع پر مرزا زاہد حسین نے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ پولیس فورس ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ایک مشترکہ دشمن ہے جس کے خلاف تمام اداروں کو یکجہتی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیری قوم پرامن ہے مگر امن کی بھی ایک حد ہوتی ہے،شوکت نواز میر کا پہلگام واقعہ پر ردعمل
ایس پی مرزا زاہد حسین نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور بقاء میں افواجِ پاکستان کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کے قومی سلامتی سے متعلق مؤقف کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج اور قیادت کے ساتھ کھڑی ہے۔
مرزا زاہد حسین نے تربیتی ماہرین کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے پولیس اہلکاروں کو جدید حربی تربیت، اسلحے کے استعمال، ریسکیو آپریشنز اور انسدادِ دہشت گردی کی تکنیکوں سے روشناس کرایا۔