کشمیری قوم پرامن ہے مگر امن کی بھی ایک حد ہوتی ہے،شوکت نواز میر کا پہلگام واقعہ پر ردعمل

مظفرآباد : عوامی ایکشن کمیٹی کے سربراہ شوکت نواز میر نے پہلگام واقعہ پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان اپنی دس لاکھ قابض فوج کی موجودگی میں خود دہشت گردی کے منصوبے بناتا ہے اور بعد میں ڈرامہ رچاتا ہے۔

شوکت نواز میر نے کہا کہ پہلگام واقعہ ہندوستان کی اپنی فوج اور حکومت کی کھلی غفلت اور ناکامی کا نتیجہ ہے جس کا ملبہ کسی اور پر ڈال رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس واقعہ سےہندوستان کی فوج کی قابلیت نظر آتی ہے بڑی بڑی بڑھکیں مارنے سے کچھ نہیں ہوتا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ پہلگام واقعے کی آڑ میں ہندوستان کو کسی صورت کشمیریوں پر ظلم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری ایک پرامن قوم ہیں اور ہمیشہ امن کی بات کی ہے، مگر یہ بھی واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ امن کی بھی ایک حد ہوتی ہے۔

شوکت نواز میر نے کہا کہ اگر بھارت کا وزیراعظم راولا کوٹ یا آزاد کشمیر کے کسی حصے پر حملے کی دھمکیاں دے گا تو کشمیری خاموش نہیں رہیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیری اتنے کمزور نہیں کہ بھارتی بڑھکیں خاموشی سے سنتے رہیں اور وقت آنے پر ایسا جواب دیا جائے گا جو بھارت کو ہمیشہ یاد رہے گا۔

Scroll to Top