کوٹلی( کشمیر ڈیجیٹل)صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ کے حوالے سے بھارت کی بدنیتی عیاں ہے بھارت اپنے اندرونی حالات سے توجہ ہٹانے کے لیے خطے میں کشیدگی پیدا کر رہا ہے ۔
بھارت نے کوئی جارحیت کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، نریندر مودی مڈٹرم الیکشن جیتنے کیلئے خطے کو جنگ میں جھونک رہا ہے۔
برِصغیر کے امن سے کھلواڑ بھارت کو مہنگا پڑے گا،بھارت نے عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو یک طرفہ معطل کیا ہے۔
یہ انٹرنیشنل واٹر ٹریٹی بین الاقوامی سطح پر پالیسی اور ضمانت شدہ معاہدہ ہے،ان خیالات کااظہارانہوں نے کنوڑہ پنیالی میں تحریک انصاف،ن لیگ چھوڑ کر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کے موقع پرمحمدخوشحال ہاؤس میں منعقدہ شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔برادری ازم کیخلاف ہیں،آزاد کشمیر میں جلد پیپلز پارٹی کا راج ہوگا،چوہدری یٰسین
انہوں نے کہا کہ بھارت آبی جارحیت کے ذریعے مذموم ایجنڈے کی تکمیل کیلئے عرصے سے بہانے کی تلاش میں تھا۔
دو ایٹمی طاقتیں تناؤ کی حالت میں آمنے سامنے کھڑی ہیں، چنانچہ جنگ ہوئی تو کسی کا کچھ نہیں بچے گا، پہلگام حملے پر بغیر ثبوت و تحقیق پاکستان پر الزام تراشی انتہا پسند مودی حکومت کا غیر دانشمندانہ عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ انڈس واٹر سسٹم ٹریٹی کی غیر قانونی منسوخی سمیت پاکستان مخالف بھارتی اقدامات نے علاقے میں ٹینشن بڑھا دی ہے
اگر کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق مل جائے تو پائیدار امن کی جانب بڑھا جا سکتا ہے۔ہر مسئلے پر بات چیت کریں، راستے بنائیں اور امن سے رہنا سیکھیں۔
پائیدار امن خطے میں خوشحالی اور استحکام لا سکتا ہے ۔