میرپور(کشمیر ڈیجیٹل)پہلگام فالس فلیگ کی آڑ میں بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کیخلاف سول سوسائٹی، میڈیا نمائندگان اور ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاجی مظاہرہ کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر راجہ زاہد حسین،افسر مال راجہ ایاز احمد خان،تحصیلدار عمران یوسف،کشمیر پریس کلب کے صدر سید عابد حسین شاہ، جنرل سیکرٹری راجہ سہراب خان،نائب صدر رانا شبیر راجوری، سیکرٹری مالیات عدنان جبار مغل،سابق صدر کشمیر پریس کلب ارشد محمود بٹ،سابق سیکرٹری جنرل شجاع عزیز جرال اور پریس کلب کے دیگر عہدیداران و اراکین نے کی۔
شرکاء جلوس بھارت کے خلاف زبردست نعرہ بازی کررہے تھے اور بھارت کی طرف سے بین الاقوامی سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی پر سراپا احتجاج تھے۔احتجاجی جلوس ڈپٹی کمشنر آفس سے ہوتا ہوا جب کشمیر پریس کلب پہنچا جلسہ کی شکل اختیار کر گیا ۔۔
کشمیر پریس کلب کے سیکرٹری جنرل راجہ سہراب خان نے قرارداد پیش کیں ان قراردادوں میں بھارت کی طرف سے پہلگام واقعہ کے بعد بھارت کی طرف سے پاکستان پر بے بنیاد الزامات اور جھوٹے پروپیگنڈے کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی گئی۔
اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ پہلگام واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کریں تاکہ بھارت کے جھوٹا پروپیگینڈا دنیا کے سامنے آ سکے۔ایک اور قرارداد میں سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی اور بھارت کی طرف سے آبی جارحیت کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ پوری پاکستانی اورکشمیری قوم ریاست کے تمام اداروں اور قومی مفادات کے تحفظ میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے گی۔
ایک اور قرارداد میں بھارت کی طرف سے آنے والے دریاوں کا پانی روک کر پاکستان کو خشک سالی کی طرف دھکیلنے اور اچانک دریاؤں کا پانی کھول کر پاکستان کو سیلاب سے دو چار کرنے کا مذموم مقاصد کی تکمیل کرنے کی بھی بھرپور الفاظ میں مذمت کی گئی۔
اس موقع پر اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ اگر بھارت نے کسی قسم کا ایڈونچر کرنے کی کوشش کی تو پوری قوم مسلح افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر ہر قسم کی جانی ومالی قربانیاں دینے سے دریغ نہیں کرے گی۔
ایک اور قراد میں کہا گیاکہ بھارت عالمی دہشت گردی میں ملوث ہے اس کابین الاقوامی محاسبہ کیا جائے۔بھارت نے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کی غرض سے پہلگام دہشت گردی کاواقعہ کیا ہے جس کا مقصد عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنا ہے
ایک اور قرارداد میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ جنوب ایشیاء کے امن کے لیے کشمیریوں کو ان کا مسلمہ حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
بھارت کی آبی جارحیت: اوڑی ڈیم سے دریائے جہلم میں بغیر اطلاع پانی کا اخراج