سعودی وزارت حج و عمرہ نے رواں سال کے عازمینِ حج کے لیے نسک کارڈز تقسیم کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اب تک ایک لاکھ پچاس ہزار سے زائد کارڈز تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق، وزارت حج و عمرہ نے نسک کارڈز کو اعلیٰ معیار کی پرنٹنگ کے ساتھ تیار کرایا ہے، جن میں جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے گئے ہیں تاکہ کارڈز کی تصدیق آسان اور محفوظ انداز میں ہو سکے۔ رواں برس جاری کیے جانے والے نسک کارڈز کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ گراؤنڈ پر موجود سیکیورٹی اہلکار باآسانی ان کی تصدیق کر سکیں گے۔
ہر کارڈ پر عازم حج کی مکمل تفصیلات درج ہیں، جن میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشاعر مقدسہ (منیٰ، عرفات اور مزدلفہ) کے مقامات کے پتے، متعلقہ کمپنی کی معلومات اور اہم ٹیلیفون نمبرز شامل ہیں تاکہ کسی قسم کی دشواری کی صورت میں فوری معاونت فراہم کی جا سکے۔ بیرون ملک سے آنے والے عازمین کو نسک کارڈز ان کے سعودی عرب پہنچنے پر فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ اندرون ملک سے تعلق رکھنے والے حجاج کو یہ کارڈز حج ایام سے چند روز قبل دیے جائیں گے۔
دوسری جانب وزارت سیاحت نے ٹور آپریٹرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یکم ذی القعدہ 1446ھ، بمطابق 29 اپریل 2025 سے حج ویزے یا مکہ پرمٹ کے بغیر کسی بھی فرد کے لیے مکہ مکرمہ میں رہائش کی بکنگ نہ کی جائے، بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یاد رہے کہ حج سیزن کا باقاعدہ آغاز 29 اپریل 2025 سے ہوگا، جب بیرون ملک سے عازمین کی پہلی پرواز مملکت میں داخل ہو گی جس کے بعد روزانہ کی بنیاد پر حجاج کی آمد کا سلسلہ جاری رہے گا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے بھی پہلے ہی ضوابط جاری کیے جا چکے ہیں، جن کے مطابق حج ایام کے قریب بغیر اجازت نامے کے کسی کو مکہ مکرمہ میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور صرف پرمٹ یا حج ویزہ رکھنے والے افراد ہی شہر میں داخل ہو سکیں گے۔