سیز فائر لائن پر جنگی ماحول خطے کے مفاد میں نہیں: وزیر سیاحت آزادکشمیر

کوہالہ :آزاد جموں و کشمیر کے وزیر سیاحت و معدنی وسائل سردار فہیم اختر ربانی نے پہلگام، مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت، ظلم و ستم اور پرتشدد کارروائیوں کے خلاف سول سوسائٹی، انجمن تاجران اور بلدیاتی نمائندگان کی جانب سے نکالی گئی احتجاجی ریلی میں شرکت کی۔

ریلی کی قیادت بھی وزیر سیاحت و معدنی وسائل سردار فہیم اختر ربانی نے کی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار فہیم اختر ربانی نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا:
“قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ کشمیریوں کی امنگوں کا ترجمان ہے۔ بھارت کی طرف سے پاکستان پر بے بنیاد الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔”

انہوں نے مزید کہاکہ سیز فائر لائن پر جنگی ماحول خطے کے مفاد میں نہیں ہے۔ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کے دلوں کی آواز ہے۔ سردار فہیم اختر ربانی نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کے جرات مندانہ مؤقف کو خراج تحسین پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: آج سے ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر کی پیشگوئی، یکم مئی سے بارش کا امکان

ریلی کے دوران شرکاء نے “پاکستان سے کشمیریوں کا رشتہ کیا۔۔۔ لا الہ الا اللہ“، “ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے” جیسے فلک شگاف نعرے لگائے۔ ریلی سے سول سوسائٹی، انجمن تاجران، بلدیاتی نمائندگان اور مختلف سیاسی و سماجی کارکنان نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری قوم انڈیا کی کسی بھی قسم کی جارحیت کا پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہو کر بھرپور جواب دے گی۔ ریلی نے نہ صرف کشمیری عوام کے جذبے اور اتحاد کو اجاگر کیا بلکہ عالمی برادری کے لیے ایک مضبوط پیغام بھی دیا۔

Scroll to Top