مظفر آباد، نیلم ،راولا کوٹ ، وادی لیپہ ، ہٹیاں بالا ( کشمیر ڈیجیٹل)پہلگام میں بھارت کی طرف سے کئے گئے ڈرامے کے بعد آزاد کشمیر بھر میں شہری سڑکوں پر نکل آئے ۔
مظاہرین کی طرف سے پاکستان کے ساتھ والہانہ وابستگی کا اظہار کیا گیا جبکہ بھارت مخالف شدید نعرے بازی کی گئی،نیلم میں سیاحتی مقام کیرن میں افواج پاکستان سےاظہار یکجہتی اور بھارت مخالف مظاہرہ کیا گیا ۔
کشمیر ی عوام نے بھارت کے پاکستانی افواج پر لگائے گئے الزمات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے بھارت پر واضح کیا کہ اگر بھارت نے اس بار کنٹرول لائن پر یا پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے بھی دیکھنے کی غلطی کی تو کشمیرکے پہاڑ بھارتی سور مائوں کا قبرستان بن جائیں گے ۔
راولاکوٹ میں ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی جو ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے شروع ہو کر غازی ملت پریس کلب اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی کی قیادت سابق وزیر حکومت وسینئر نائب صدر مسلم لیگ ن سردار طاہر انور ایڈووکیٹ ، ڈپٹی کمشنر پونچھ سردار عمر فاروق، چیئرمین ضلع کونسل سردار جاوید شریف ،ڈپٹی میئر قاضی نثار احمد، صدر پیپلز پارٹی راولاکوٹ سردار عامر خورشید، سردار شاہد خورشید،صدر پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن سردار نثار، ٹیچر و پروفیسرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سمیت دیگر رہنماؤں نے کی۔
ریلی میں سول سوسائٹی، بلدیاتی نمائندوں، مختلف تنظیموں، سیاسی و سماجی شخصیات، طلباء، نوجوانوں، صحافیوں، سرکاری ملازمین اور تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مودی سرکار کے فالس فلیگ آپریشن کی مذمت اور پاکستان و افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین پاکستان زندہ باد، افواج پاکستان پائندہ باد اور مودی حکومت مردہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔پہلگام واقعہ، بھارت نے سیکورٹی اور انٹیلی جنس ناکامی کا اعتراف کرلیا
باغ میں بھی عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئے اور بھارت کے خلاف نعرے بازی کی گئی جبکہ افواج پاکستان اور پاکستان کے ساتھ بھر پوراظہار یکجہتی کیا گیا۔
مقررین نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ کشمیریوں و پاکستانیوں کے دلوں کی آواز ہے،کشمیری عوام پاکستانی فوج کے شانہ بشانہ ہیں ۔
وادی لیپہ میں عوامی جذبات ایک بار پھر ابھر کر سامنے آ گئے، اسی طرح تلاواڑی، نوکوٹ اور لیپہ کے مختلف مقامات پر عوام کی بڑی تعداد نے بھارت کے خلاف مظاہرے کیے اور پاکستان سے اپنی والہانہ وابستگی کا بھرپور اظہار کیا۔
مظاہرے نماز جمعہ کے فوراً بعد شروع ہوئے جن میں نوجوانوں، بزرگوں اور مقامی شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت کے خلاف نعرے اور پاکستان کے حق میں تحریریں درج تھیں۔شرکاء نے بلند آواز میں پاکستان زندہ باد بھارت مردہ باد کشمیر بنے گا پاکستان جیسے نعرے لگا کر بھارت کی جارحیت کی شدید مذمت کی۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارتی فوج کا کریک ڈاؤن، 1500 سے زائد کشمیری گرفتار
مختلف علاقوں میں ہونے والے مظاہروں سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے فالس فلیگ آپریشنز کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے ہٹانا ہے۔
مودی حکومت ہندوتوا نظریے کو فروغ دے کر پورے خطے کا امن تباہ کرنا چاہتی ہے، مقررین نے کہا کہ راولاکوٹ کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں مودی سرکار کی بوکھلاہٹ کا اظہار ہیںکیونکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کو اپنی شکست صاف نظر آ رہی ہے۔
اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو آزاد کشمیر کے عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے اور دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔