مظفر آباد ( کشمیر ڈیجیٹل )تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر اور سابق وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیرنے پاکستان میں عمران خان کی رہائی کیلئے ہونے والے تمام جلسوں اور احتجاج میں شرکت کی۔
آزاد کشمیر میں بھی ہم نے احتجاج کیا ،ہم چاہتے تھے کہ ارباب اختیار تک آواز جائے کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر عمران خان سے محبت رکھتی ہے،کشمیرڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر کا فیصلہ وزیر اعظم اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے کرتے ہیں، دونوں نے ملکر ایک نام فائنل کرنا ہوتا ہے ،دونوں کی مشاورت جاری تھی لیکن اسے لمبا کردیا گیا ۔
چیف الیکشن کمشنر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ ہماری خواہش کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کا تقرر ہو جبکہ مسلم لیگ ن یہ چاہتی ہے کہ چونکہ ہم مرکز میں ہیں تو آنے والے وقت میں ہم فائدہ حاصل کرلیں چیف الیکشن کمشنر ہماری مرضی کا ہو ، اپوزیشن لیڈر کاجو کام تھا تجویز بھیجنا وہ شاید انہوں نے بھیج دی ہے ۔
انہوں نے کہا آزاد کشمیر میں الیکشن لیٹ نہیں ہوسکتا البتہ جلدی ضرور ہوسکتا ہے ،ان کا کہنا تھا کہ پارٹیوں میں اختلافات ہوتے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ وہ ہمیشہ رہتے ہیں ،اختلافات وقتی ہوتے ہیں۔ صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر کا مزید کہنا تھاکہ پارٹی کے معاملات بانی چیئر مین دیکھتے ہیں انہوں نے مجھے حکم دیا تھا کہ جو ہمارے منحرفین ہیں ان کو ہم نے پی ٹی آئی سے نکال دیا ہے،ان سے ہماری لاتعلقی ہے۔
آزاد کشمیر میں دہشتگردی سے متعلق سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم تو مشورہ دے سکتے ہیں البتہ حکومت اداروں انتظامیہ کے ذریعے ساری چیزوں کو دیکھ رہی ہے اور دیکھ سکتی ہے ، دہشتگردی کی کوئی سیاسی جماعت اور نہ کوئی شہری حمایت کرتا ہے ۔