مظفر آباد ( وقائع نگار)وزیر تعلیم آزاد کشمیر دیوان علی خان چغتائی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہےبھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کے ایڈونچر کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں ہونے والا حملہ بھارت کے فالس فلیگ آپریشنز کا تسلسل ہے ۔سوشل میڈیا نے ہندوستانی پروپیگنڈے کو بری طرح ناکام بنایا ہے ۔
بے گناہ شہریوں کا خون بہانا کبھی بھی ہماری روایات کا حصہ نہیں رہا ۔ سیکولر جمہوریت کا نقاب اوڑھنے والا بھارت اپنے ملک میں عیسائیوں ، مسلمانوں اور دلتوں سمیت دیگر اقلیتوں پر ہونے والے مظالم کوبین الاقوامی کمیونٹی سے چھپانے کیلئے ایسی مذموم سازشیں پہلے بھی رچاتارہا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔پہلگام فالس فلیگ حملےکے پیچھے چھپے بھارتی محرکات سامنے آگئے
سمجھوتہ ایکسپریس دھماکہ 2008 ءکے ممبئی حملے ، 2018 ءمیں انتخابات سے پہلے سیاحوں پر حملے، پلوامہ 2019 ء ہو یا 2023 میں راجوڑی سمیت ایسے دیگر تمام واقعات میں بھارت کی ریاستی مشینری فالس فلیگ آپریشنز کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں جاری حق خود ارادیت کی تحریک اور پاکستان کیخلاف ایک مربوط بیانیہ تشکیل دیتی آرہی ہے۔
جنگی جنون میں مبتلا بھارت کی جانب سے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد خطے کے امن کو تباہ کرنے کی دھمکیوں پر پاکستان کے عوام اور مسلح افواج دندان شکن جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔بھارت نے ایسی ہی ایک حرکت فروری 2019ء میں کی تھی جس کا جواب آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی صورت میں واضح طور پر دیا گیا تھا اب بھی بھارت کی جانب سے کوئی ایسی مہم جوئی کی گئی تو مسلح افواج اور عوام متحد ہو کر ازلی دشمن بھارت کو منہ توڑ جواب دینگے۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔انڈیا فلمیں بنانے میں بہت تیز ہے لیکن پہلگام ڈرامہ فلاپ ہوگیا، پیر مظہر سعید
وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی کا مزید کہنا تھا بھارت میں مسلمانوں کی وقف املاک پر قبضہ کرنے کیلئے مودی سرکار نے ناجائز قوانین سے توجہ ہٹانے کیلئے فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچایا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی 8 لاکھ قابض فوج وہاں کیا کررہی ہے؟ ، مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہر ساتویں آدمی پر ایک قابض فوجی تعینات ہے ۔
یہ واقعہ ہندوستان کی اپنی سیکورٹی ناکامی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت جانتا ہے کہ پاکستان نے فتنہ الخوراج اور بی ایل اے جیسے دہشتگرد گروہوں کو منظم اور عسکری حکمت عملی سے زیر کرلیا ہے اور ملک میں بھی سیاسی استحکام آرہا ہے یہی وجہ ہے کہ بھارت اپنے ناکام مگر طے شدہ آپشن آزمانے کی کوشش کررہا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔پہلگام کافالس فلیگ آپریشن مسترد ،مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے
وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی نے مزید کہنا تھا بھارتی میڈیا نے اس واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کے بجائے فوری طور پر پاکستان کے خلاف بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈہ شروع کردیا ہے جو قابل تشویش ہے اور دو ایٹمی ممالک کے درمیان اس طرح کی غلط فہمیاں خطے کے امن کیلئے تباہ کن ہوسکتی ہیں۔ بھارت کے غیر ذمہ دار میڈیا کو اتنا بھی ادراک نہیں کہ ایسے واقعات کی آزادانہ ، شفاف تحقیقات کی ضرورت ہے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں، نہ کہ مفروضوں پر پاکستان کو مورد الزام ٹھہرایا جائے۔