سری نگر : مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حالیہ واقعہ پر سری نگر کے ایک رہائشی نے شدید ردعمل دیتے ہوئے بھارتی پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا ہے۔
رہائشی نے کہا کہ یہ حکومت کی ناکامی ہے، انٹیلیجنس اور سیکیورٹی کی ناکامی ہے ساتھ ہی انہوں نے سوال اٹھایا کہ مقبوضہ کشمیر ایک چھوٹا علاقہ ہے جہاں سات لاکھ سے زائد بھارتی فوج تعینات ہے، حملے کے وقت وہ کہاں تھی اور کیا کر رہی تھی؟
انہوں نے سوال کیا کہ “حملے کے وقت امت شاہ کیا کر رہا تھا؟ وہ صرف مسلمانوں کے خلاف بولنے میں مہارت رکھتا ہے، چاہے معاملہ وقف بل کا ہو یا کوئی اور۔”
انھوں نے کہا کہ “یہ حملہ پرامن کشمیریوں کو بدنام کرنے کی سازش ہے، کشمیریوں کو بدنام کرنا بند کیا جائے اوریہ حملہ بھی پہلے جیسے فالس فلیگ آپریشنز کی ایک کڑی ہے، جیسے چھٹی سنگھ پورہ میں ہوا تھا۔
انہوں نے یاد دلایا کہ “دال گیٹ میں جو گرینیڈ حملہ ہوا تھا، اس کی رپورٹ کہاں ہے، کس نے کیا تھا؟ساتھ ہی انہوں نے مطالبہ کیا کہ پہلگام حملے کی تفصیلی تحقیقات ہونی چاہیے۔
رہائشی نے اپنا تعارف دیتے ہوئے کہا: “میں لال گیٹ کا رہائشی ہوں، 1990 سے سب کچھ اپنی آنکھوں سے دیکھ رہا ہوں، جب 1990 میں یہاں سیکیورٹی فورسز خود محفوظ نہیں تھیں، تب بھی کشمیریوں نے کسی سیاح کو ہاتھ تک نہیں لگایا۔