ایڈووکیٹ مرزا نواز جرال کے قتل پر آزاد کشمیر بھر میں وکلاء کا عدالتی بائیکاٹ، قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ

آزاد کشمیر (22 اپریل 2025): سپریم کورٹ کے سینئر وکیل ایڈووکیٹ مرزا نواز جرال کے بہیمانہ قتل کے خلاف آزاد کشمیر بھر میں وکلاء برادری سراپا احتجاج بن گئی ہے۔

آزاد کشمیر بار کونسل کی کال پر دس اضلاع کی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز نے مکمل عدالتی بائیکاٹ کیا، جس کے باعث عدالتوں میں سناٹا چھایا رہا۔

ڈسٹرکٹ بار باغ کے وکلاء نے واقعے کو افسوسناک اور ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایڈووکیٹ مرزا نواز جرال ایک باوقار اور سینئر وکیل تھے، جن کا قتل آزاد کشمیر کی عدلیہ پر حملے کے مترادف ہے۔

ڈسٹرکٹ بار جہلم ویلی کے وکلاء نے احتجاجی بیان میں کہا کہ اگر وکلاء خود محفوظ نہیں تو قانون کی حکمرانی کیسے قائم ہو سکتی ہے؟ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور وکلاء کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر قانون سازی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات کا تدارک ممکن ہو۔

مرزا نواز جرال کو گزشتہ روز بھمبر میں نامعلوم شرپسند عناصر نے فائرنگ کا نشانہ بنا کر شہید کر دیا تھا۔ واقعے کی مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آ سکیں، تاہم وکلاء برادری نے اس قتل کو ریاستی اداروں کی ناکامی قرار دیتے ہوئے احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

Scroll to Top