لال چوک میں طلباء کا احتجاج، طلباء یونین کے الیکشن کا مطالبہ شدت اختیار کر گیا

مظفرآباد: اپراڈا لال چوک میں طلباء ایکشن کمیٹی کی کال پر مختلف طلباء تنظیموں کے طلباء نے بڑی تعداد میں احتجاج کیا۔ ان کا مطالبہ تھا کہ آزاد جموں و کشمیر میں طلباء یونین کے انتخابات فوری طور پر کرائے جائیں تاکہ وہ اپنے جمہوری حق کا استعمال کر سکیں۔

مظاہرے میں شریک طلباء نے بتایا کہ ان کا احتجاج مکمل طور پر پُرامن ہے اور انہوں نے احتجاج سے قبل باقاعدہ طور پر انتظامیہ سے سیکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست بھی کی تھی۔ طلباء نے خدشہ ظاہر کیا کہ چند روز قبل یونیورسٹی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آنے کے بعد، انہوں نے تحفظ کے لیے سیکیورٹی مانگی تھی، لیکن اس کے برعکس ان پر سیکیورٹی نافذ کر دی گئی، جس سے ایسا تاثر دیا جا رہا ہے کہ جیسے طلباء خود امن و امان کے لیے خطرہ ہیں۔

طلباء نے اس عمل کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ صرف اپنے جمہوری حق یعنی طلباء یونین کے انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں اور ان کی جدوجہد پُرامن طریقے سے جاری ہے جبکہ یونیورسٹی کی تعلیمی سرگرمیوں کو ختم کر کے اس احتجاج کو پُرتشدد رنگ دینا چاہتے ہیں ۔

لال چوک کے اطراف میں پولیس کی نفری تعینات تھی ، تاہم مظاہرین پرامن انداز میں اپنے مطالبات پر قائم رہے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر طلباء یونین کے حق میں نعرے درج تھے ۔ احتجاجی مظاہرے کے دوران مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ طلباء یونین کے الیکشن جلد از جلد کرائے جائیں جو کہ طلبا کا جمہوری حق ہے۔

Scroll to Top