اسلام آباد/تتا پانی کوٹلی :آزاد کشمیر کے خوبصورت سیاحتی مقام تتا پانی سے تعلق رکھنے والی باہمت بیٹی، حوریہ امتیاز ملک نے اپنے علاقے کا نام روشن کرتے ہوئے بلائنڈ ویمن کرکٹ ٹیم میں شمولیت کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ حور یہ، آزاد جموں کشمیر کی پہلی سپیشل پرسن خاتون کھلاڑی ہیں جو بین الاقوامی سطح پر خطےکی نمائندگی کررہی ہیں۔
حوریہ امتیاز ملک گورنمنٹ بوائز ہائی سکول تتا پانی میں متعین سینئر مدرس اور معروف ماہر تعلیم امتیاز حسین ملک کی صاحبزادی ہیں جنھیں پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے لیے رکن کھلاڑی منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے،وہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل اور آسٹریلوی ہائی کمیشن کے زیر اہتمام آسٹریلیا میں بلائنڈ کرکٹ سیریز 2025 ء میں پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کررہی ہیں۔
حوریہ کی یہ نمایاں کامیابی نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے خطہ کوٹلی اور آزاد کشمیر کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔ان کی اس کامیابی پر علاقے بھر کے سیاسی، سماجی اور صحافتی حلقوں کی جانب سے ان کے والد امتیاز حسین ملک اور ان کے خاندان کو دلی مبارکباد دی گئی ہے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔ حوریہ ملک آج لاکھوں نوجوانوں کے لیے ایک مثال بن کر ابھری ہیں۔