پوپ فرانسس 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

ویٹی کن سٹی : پوپ فرانسس کے انتقال سے صرف چند گھنٹے قبل اُن کا آخری عوامی ظہور ویٹی کن کے مشہور سینٹ پیٹرز اسکوائر میں ایسٹر سنڈے کی تقریب کے موقع پر ہوا، جہاں وہ وہیل چیئر میں بیٹھے ہوئے ہزاروں عقیدت مندوں کے سامنے نمودار ہوئے۔

رائٹرز کے مطابق، پوپ فرانسس نے سینٹ پیٹرز باسیلیکا کی بالکونی سے ہاتھ ہلا کر مجمعے کا شکریہ ادا کیا اور پُرجوش لہجے میں کہا: “پیارے بھائیو اور بہنو، ہیپی ایسٹر!”

اگرچہ جسمانی کمزوری کے باعث وہ مکمل خطاب نہ کر سکے، لیکن ان کی روایتی ایسٹر تقریر ایک مددگار نے پڑھ کر سنائی، جب کہ پوپ خود خاموشی سے سن رہے تھے۔ دعائیہ تقریب کے بعد، پوپ فرانسس کو ایک خصوصی گاڑی کے ذریعے ہجوم کے درمیان لے جایا گیا۔

یہ منظر عقیدت اور محبت کا مظہر تھا، جس نے ان کی عاجزی اور عوام سے قربت کو ایک بار پھر نمایاں کیا اور اب یہ لمحہ ان کی زندگی کا آخری عوامی ظہور ثابت ہوا۔

پوپ فرانسس، جن کا اصل نام خورخے ماریو برگولیو تھا، 13 مارچ 2013 کو پوپ منتخب ہوئے۔ وہ پہلے لاطینی امریکی اور ایک ہزار سال بعد پہلے غیر یورپی پوپ تھے۔ ​پوپ فرانسس نے اپنی جوانی میں ایک پھیپھڑے کا حصہ نکلوایا تھا اور حالیہ برسوں میں متعدد بار سانس کی بیماریوں کا سامنا کیا۔ فروری 2025 میں انہیں ڈبل نمونیا کی تشخیص ہوئی، جس کے باعث انہیں پانچ ہفتے ہسپتال میں گزارنے پڑے۔

Scroll to Top